News Details

16/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع کوہاٹ کے لئے ایک ہمہ گیر ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع کوہاٹ کے لئے ایک ہمہ گیر ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کادرجہ بلند کیا جائیگا۔ یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا کیمپس ، میوزئیم کا قیام ، خواتین کیلئے کمپلیکس ، صنعتی زون، تھنڈا ڈیم اور کاسئی پراجیکٹ کو سیاحتی بنیاد پر ترقی دینے ، سپورٹس گراؤنڈز اور بیوٹی فیکیشن کے پراجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ کی اپگریڈیشن اور لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کی باقی ماندہ تعمیراور ضلع کوہاٹ کے موجودہ تمام فعال ہسپتال کیلئے سٹاف اور دیگر ضروریات سمیت بنیادی صحت مراکز کیلئے عارضی طور پر سٹاف کی بھرتی کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ زیر تعمیر ہسپتالوں کی بروقت تکمیل اور اپگریڈیشن کیلئے محکمہ صحت اور لوکل ایڈمنسٹریشن کوہاٹ ملکر لائحہ عمل وضع کریں اور موجودہ ہسپتال میں تمام سہولیات پہلے مہیا کریں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے ضلع کوہاٹ کے مختلف مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ضیاء اللہ بنگش ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری انڈسٹریز، ڈی جی سپورٹس، کمشنر کوہاٹ ، وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی ، سی ای او ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ، ایم ڈی پی کے ایچ اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو ضلع کوہاٹ میں صحت ، تعلیم ، اور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے درپیش مسائل اور انکے دیرپا حل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ کوہاٹ کے ہسپتالوں میں کچرا ضائع کرنے کیلئے انسینیریٹر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ویمن یونیورسٹی کیمپس کوہاٹ کیلئے کوہاٹ شہر میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی بلڈنگ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کوہاٹ میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس کے قیام کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کیلئے یا تو سرکاری اراضی اور یا پہلے سے موجود کالجز پر ہوم ورک کرائیں تاکہ کوہاٹ میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس کا قیام ممکن بنا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں میوزیم کی تعمیرکے لئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع کوہاٹ میں ویمن کمپلیکس کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں آئی ٹی پارک بہت جلد تعمیر کیا جائے گا۔اور حکومت کوہاٹ میں انڈسٹریل زون قائم کریں گے جس کیلئے پلان منظور ہوچکی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کوہاٹ کے مختلف گاؤں اور ضلع اورکزئی کے مابین حد بندی کے مسئلے کو حل کیا جائے۔ اس مقصد کے لئے وزیراعلی نے کمشنر کو ہاٹ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے کو جرگے کے ذریعے حل کیا جائے اور انہیں جلد رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے جرمہ کوہاٹ میں سرکاری زمین کے مسئلے کیلئے بہت جلد اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ضلع کوہاٹ میں صفائی و ستھرائی کیلئے ڈبلیو ایس ایس سی کو فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع کوہاٹ میں سیاحت کے فروغ کیلئے تھنڈا ڈیم پراجیکٹ اور کاسئی پراجیکٹ کی تکمیل جلد ممکن بنائی جائیگی۔ یہ دونوں پراجیکٹس سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پہلے سے شامل ہے۔ ضلع کوہاٹ میں سپورٹس گراؤنڈ ز کیلئے فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے بیوٹی فیکشن پراجیکٹ میں ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کو حصہ دیا جائے گا۔ جس سے ضلع کوہاٹ کی بیوٹی فیکیشن کا عمل ممکن بنایا جائے گا۔