News Details

08/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع کرک بانڈہ داؤد شاہ میں گر گری سے ٹیری چوک تک 32 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر نو و بحالی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے اور کرک میں کمپنیوں کی طرف سے پانی کے استعمال کی مد میں واجبات کی ادائیگی کا مسئلہ اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع کرک بانڈہ داؤد شاہ میں گر گری سے ٹیری چوک تک 32 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر نو و بحالی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے اور کرک میں کمپنیوں کی طرف سے پانی کے استعمال کی مد میں واجبات کی ادائیگی کا مسئلہ اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کمشنر کرک کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر ان دونوں مسائل کا قابل عمل حل نکالیں او آئندہ دس دنوں کے اندر رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے کرک میں عوام کو پانی کی فراہمی کے مسئلے پر بھی تفصیلی پریزنٹیشن دینے اور دیرپاء حل پر مبنی جامع پلان پیش کرنے جبکہ کرک کے عوام کو گیس فراہمی کے منصوبے پر بھی سنجیدہ پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع کرک کے مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایم این اے شاہد احمد، وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان، وفاقی سیکرٹری برائے پٹرولیم میاں اسد حیاء الدین، متعلقہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، کمشنر کوہاٹ، ایس این جی پی ایل لاہور، اوجی ڈی سی ایل ، سمال ڈیمز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ او دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو ضلع کرک میں مختلف شعبوں کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو گرگری سے ٹیری روڈ کی حالت زار اور اسکی تعمیر نو کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور اس سلسلے میں مول کمپنی اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مابین مسئلے کی نوعیت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کرک کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس کریں اور مسئلہ کے حل کیلئے دس دنوں کے اندر رپورٹ دیں۔ انہوں نے تین مختلف سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی بھی اصولی منظوری دی اور متعلقہ محکمے کے ذریعے تجویز بھیجنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مول اور دیگر کمپنیوں کی طرف سے پانی کے استعمال کے نتیجے میں واٹر ٹیبل کے تشویشناک حد تک نیچے جانے اور پانی کے استعمال کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی کے مسائل پر تفصیلی غور و حوض کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں بھی کمشنر کوہاٹ کو مول کمپنی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس کرنے اور دس دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمپنیوں کو ہدایت کی کہ ہنرمند او غیر ہنرمند افراد کی بھرتی کے سلسلے میں تیل اور گیس پیدا کرنے والے علاقوں کے عوام کو ترجیح دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ سرمایہ کار کمپنیوں کو پرامن اور پر سہولت ماحول دینا چاہتے ہیں جسکے لئے ضروری ہے کہ متعلقہ علاقوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور انکے جائز مطالبات پورے کئے جائیں۔ اس عمل سے نا صرف عوام کا فائدہ ہے بلکہ کمپنیوں کو بھی خاطرخواہ فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے آبی آلودگی کے مسئلے کا بھی حل نکالنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرک میں پانی کی فراہمی ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ صوبائی حکومت اس مسئلے کو دیرپاء بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے پانی کی فراہمی اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں علیحدہ سے تفصیلی پریزنٹیشن طلب کی ہے اور یقین دلایا کہ یہ مسائل ضرور حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں جامع حکمت عملی پیش کرنے کی بھی ہدایت کی انہوں نے ہینڈ پمپس وغیرہ تک لوگوں کی بلا تفریق رسائی یقینی بنانے اور اس سلسلے میں رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کرک کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں سٹاف کی کمی پوری کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے جان بچانے والی ایمرجنسی ادویات کی فراہمی کا مسئلہ بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی اورو قتی طور پر لوکل ادویات خریدنے کی اجازت دی۔ انہوں نے تمام سرکاری اداروں کو میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کسی کی بھی غیر قانونی سفارش نہ مانی جائے ۔ حق دار کو حق کی فراہمی پی ٹی آئی کا منشور ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔