News Details
08/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 1.1 ارب روپے کی لاگت سے 32 کلومیٹر طویل سوئی گیس پائپ لائن کا اچینی بالا پشاور میں افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ پشاور کے ان بڑوں منصوبوں میں شامل ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 1.1 ارب روپے کی لاگت سے 32 کلومیٹر طویل سوئی گیس پائپ لائن کا اچینی بالا پشاور میں افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ پشاور کے ان بڑوں منصوبوں میں شامل ہے جو شہریوں کے لو پریشر ، بوسید ہ اور ناکافی ٹرانسمیشن لائن کو تبدیل کرکے اسے زیادہ پریشر اُٹھانے والی ٹرانسمیشن لائن میں تبدیل کرے دے گا جس سے پشاور شہر اور اس کے مضافات سمیت صنعتی بستی حیات آباد کو ضرورت کے مطابق سوئی گیس کی سپلائی ممکن ہو سکے گی ۔ اجلاس میں ایم این اے ارباب شیر علی، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، ایم پی ایز آصف، پیر فدا، فہیم، ڈسٹرکٹ ناظم پشاور ارباب عاصم، جی ایم سوئی ناردرن گیس پائپ لائن ارباب ثاقب اور دیگرشامل تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس منصوبے میں بی آر ٹی روٹ کے ساتھ گیس سپلائی لائنز کی اپ گریڈیشن ،پشاور بھر میں گیس سپلائی نیٹ ورک یقینی بنانے کیلئے ٹرانسمیشن لائن کی انجکشن،مخصوص سپلائی مین کے ذریعے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کو گیس کی بلا تعطل فراہمی اور پشاور شہر کے گنجان آباد علاقوں کو گیس سپلائی میں اضافے کے لئے آٹھ آپریشنل فیزیز بچھانا شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے سیاسی مخالفین سے کہاکہ وہ بی آر ٹی اور دیگر بڑے پراجیکٹس پر سیاست نہ چمکائیں یہ پراجیکٹس عوامی فلاح اور ترقی کیلئے شروع کئے گئے ہیں جس طرح ہر پراجیکٹ کے پیچھے عوامی فلاح مقصود ہوتی ہے ۔ ہماری پچھلی حکومت نے بی آر ٹی شروع کیا تھا اور یہ ہمارا پراجیکٹ ہے اس کا مقصد پشاور شہر کے ٹریفک کے مسائل کا دیرپا اور کل وقتی حل تلاش کرنا ہے ۔ پشاور میں ٹریفک کی ایک مین آرٹری ہے اور تمام گاڑیوں کیلئے اسے استعمال کیاجا تا ہے ۔ پشاور شہر میں کئی عشروں سے ٹریفک کے مسائل دیکھے ہیں ۔ مسافروں کو اپنے منزل تک پہنچنے میں کافی مشکلات کا سامنا ہو تا تھااور پشاور کے عوام اس پراجیکٹ پر خوش ہیں کیونکہ اُنہیں ٹریفک کے مسائل اور مشکلات کا سامنا رہا ہے ۔ عوام خوش ہے لیکن سیاسی مخالفین کی آنکھوں میں کانٹے چبھ رہے ہیں کیونکہ ان کی سیاست اپنے لئے تھی جبکہ پی ٹی آئی عوام کیلئے سوچتی ہے۔ کسی بھی سطح پر ہم اس کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں اور اُسے خوش آمدید کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن کے نئے پراجیکٹس سے گھریلو صارفین کے مسائل حل ہو جائیں گے اور بی آر ٹی سے ٹریفک اور مسافروں کی مشکلات کم ہو جائیں گی ۔ معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا احیاء ہو گا اور بند صنعتی یونٹس دوبارہ بحال ہو سکیں گی۔ پشاور ہمارا شہر ہے اور ہم سب کو اس کی خوبصور تی اور ترقی کیلئے اجتماعی کوششیں کرنی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ سوات کیلئے آئندہ ہفتے منظورشدہ اپ گریڈڈ ٹرانسمیشن کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ ایس این جی پی ایل سے متعلق لوگوں کے مسائل حل ہو چکے ہیں اب پیسکو کی باری ہے کہ وہ عوامی فلاح کیلئے اپنی ذمہ داریاں پہچانے کیونکہ عوامی مسائل اور مشکلات کا حل اور ادراک بہت ضروری ہے ۔ وزیراعظم سے گیس کی اووربلنگ کے متعلق بات کر چکا ہوں اور انہوں نے متعلقہ حکام کو اس پر نظر ثانی کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے ۔و زیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت اداروں کو سپورٹ فراہم کرے گی ۔ اداروں کو بھی عوامی خواہشات کے مطابق ڈیلیور کرنا ہے ۔ اسی طرح ہماری سپورٹ عوام کو دی جانے والی ریلیف سے مشروط ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر ملک بھر میں پیشرفت ہو رہی ہے ۔ عوام کو تحفظ دینا اہم ہے کیونکہ یہی قومی سکیورٹی سے مشروط ہے ۔ ہماری حکومت عوامی فلاح کی سکیمیں شروع کر رہی ہے کیونکہ ہم لوگوں کو تیز تر ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چار عشروں سے زیادہ حکومتوں نے گیس اور عوامی مسائل پر فوکس نہیں کیا جس کی وجہ سے عوامی مسائل گھمبیر حالت میں سامنے آرہے ہیں۔ اس لئے ہم نے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے منظم اقدامات شروع کئے ہیں ۔ اسی طرح سوئی گیس بھی اُسی طرح کے پراجیکٹ میں سے ہے جبکہ انڈس ہائی وے کو دو ر ویہ کرنے کا جلد افتتاح کروں گا اور اسی طرح کے پراجیکٹس دوسرے علاقوں کو بھی دیئے جائیں گے ۔ صوبے میں شامل ہونے والے نئے اضلاع کیلئے پورا پیکج دیں گے ترقیاتی حکمت عملی وضع کر چکے ہیں ۔ عملی اقدامات شروع کر چکے ہیں۔ وسائل فراہم کئے جاچکے ہیں اور مزید وسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے ۔ ہم پشاور کو خوبصورت بنانا اور اس کے شہریوں کو سہولت دینا چاہتے ہیں۔ ہم پشاور کو اوپر لانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ہم سب کا شہر ہے۔ میں ہمیشہ اور ہر تقریب میں یہی بات کرتا ہوں۔پشاور کی خوبصورتی ہمارا مشترکہ مشن ہے اور ہم سب کو اس میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ضلع ناظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پشاور کیلئے اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت پشاور کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہے۔