News Details

06/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر میں ٹریفک کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر میں ٹریفک کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اب کوئی رعایت یا نرمی نہیں برتی جائے گی۔ا نہوں نے ٹریفک کے گھمبیر مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بی آر ٹی کے مین کوریڈور کے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی ہر حال میں ممکن بنائی جائے اور رکاوٹیں دور کی جائیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔ یہ ہدایات انہوں نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، کمشنر پشاور امجد علی، سیکرٹری پی اینڈ ڈی شہاب علی شاہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ کامران خان، ڈی جی پی ڈی اے ، سی سی پی او پشاورقاضی جمیل و دیگر نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ کو بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور منصوبے پرپیش رفت اور کام کی رفتار پربریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی سے جڑے تمام چھوٹے پراجیکٹس کی تکمیل مرحلہ وار مکمل کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی کی تعمیر کا کام زیادہ تر رات کو سرانجام دیا جائے تاکہ دن کے وقت ٹریفک کے لئے کوکوئی رکاوٹ درپیش نہ ہو۔بی آر ٹی کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں عوام کو مایوسی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سٹی کیلئے مجموعی ٹریفک مینجمنٹ پر کام مزید تیز کیا جائے۔