News Details
03/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں سکلز ایکو سسٹم کے قیام کیلئے تصوراتی فریم ورک اور ون ٹائم گرانٹ سے خیبرپختونخوا سکلز انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے اُصولی اتفاق کیا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں سکلز ایکو سسٹم کے قیام کیلئے تصوراتی فریم ورک اور ون ٹائم گرانٹ سے خیبرپختونخوا سکلز انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے اُصولی اتفاق کیا ہے ۔ مذکورہ فنڈ کے قیام کا مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضرورت کی بنیاد پر تربیت فراہم کرنا اور خود روزگاری کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے صوبے میں پائے جانے والے معدنی ذخائر کی تیز رفتار ایکسپلوریشن ، اس شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ اور معدنی استعداد کو آمدنی کی دیر پا بنیاد بنانے کیلئے وزیر معدنیات کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دینے اور اس کے ٹی اوآرز کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے جس کا باضابطہ اعلانیہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے درکارضروری نوعیت کی اصلاحات اور قانونی ترامیم بھی جلد عمل میں لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ یہ تمام پیش رفت ٹائم لائن کے مطابق ہونی چاہیئے ۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان ، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ایم ڈی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے میں تربیت یافتہ افراد کی ڈیمانڈ اور سپلائی کا بغور جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ صوبے میں بیر وزگاری کے خاتمے کیلئے پیشہ وارانہ اور فنی تربیت کا دائرہ کار مزید وسیع کرنا پڑے گااورمارکیٹ کی ضرورت کی بنیاد پر پرائیوٹ سیکٹر کے تعاون سے نوجوانوں کو ہنر اور تربیت دی جائے گی جو اُن کو روزگار کی فراہمی بھی یقینی بنائے ۔ پروگرام کا حتمی مقصد نوجوانوں کی اس نہج پر ٹریننگ یقینی بنانا ہے کہ اُنہیں بلا تاخیر ملک اور بیرون ملک مختلف شعبوں میں روزگار دیا جا سکے ۔ اس مقصد کیلئے تجویز دی گئی کہ خیبرپختونخوا سکلز انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے اور سکلز ٹریننگ کیلئے معروف پرائیوٹ کمپنیوں کی معاونت حاصل کی جائے تاکہ اُن کے ذریعے ہی ہنر مند اور تربیت یافتہ افراد کو روزگار کے سلسلے میں کھپایا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ ماڈل کو قابل عمل قرار دیا اور اس سلسلے میں ون ٹائم گرانٹ سے سکلز انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے اُصولی اتفاق کیا۔ اس پروگرام کی افادیت یہ ہے کہ ہنر مند افراد کو بیرون ملک خصوصا گلف ممالک میں سکلڈ ویزا پر بھی بھیجنا ممکن ہو گااور تربیت پانے والے افراد کو نوکری کی فراہمی یقینی ہو گی ۔خصوصاً میزبانی کے شعبے میں خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار کی آسان فراہمی ممکن ہو سکتی ہے ۔ دریں اثناء اجلاس میں خیبرپختونخوا کی معدنی ذخائر کی استعداد اور اُس کی تیز تر ایکسپلوریشن کیلئے موجود محکمانہ سٹرکچر کو ٹھیک کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں معدنی ذخائر کی بے پناہ استعداد موجود ہے جس کا تقریباً70 فیصد استعمال میں نہیں لایا گیا ۔ ان معدنی ذخائر کی جیو میپنگ اور ایکسپلوریشن کی ضرورت ہے ۔ یہ صوبے کی آمدنی کا بہترین ذریعہ بن سکتے ہیں ۔ اس مقصد کیلئے جدید ترین مائننگ سسٹم کے ساتھ ساتھ ماہر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ضرورت ہے ۔ لائحہ عمل کے طور پر پہلی فرصت میں ٹاسک فورس تشکیل دینے ، محکمانہ سٹرکچر میں ضروری اصلاحات اورمتعلقہ قوانین میں ضرورت کی بنیاد پر ترامیم کی تجاویز پیش کی گئیں ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ تجاویز سے اتفاق کیا اور وزیر معدنیات کی سربراہی میں ٹاسک فورس بمعہ ٹی او آرز تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اُس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جا سکے ۔ اُنہوں نے مذکورہ اقدامات تیزرفتاری سے یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیاکہ ہم نے ایک سال کے اندر اس شعبے میں خاطر خواہ پیشرفت یقینی بنانی ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کار لانے ہیں ۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ اس مقصد کیلئے اُن کا تعاون اور رہنمائی ہر وقت میسر ہو گی ۔