News Details
03/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اپر دیر وادی کمراٹ میں نیشنل پارک مسئلے کو مقامی لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے گا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اپر دیر وادی کمراٹ میں نیشنل پارک مسئلے کو مقامی لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کمراٹ میں نیشنل پارک کے منصوبے میں مقامی آبادی کو زیادہ نمائندگی دی جائے گی۔ حکومت وہاں کے لوگوں کے مالکانہ حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیگی۔کمراٹ میں سیاحت کو فروغ دینگے جس کیلئے لوکل کمیونٹی کو آن بورڈ لیا جائے گا وادی کمراٹ میں سیاحت کی آمدن کا پیسہ کمراٹ میں ہی سیاحت کے مزید مواقع پیدا کرنے پر صرف کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے اپر دیر سے ایم این اے صاحبزادہ صبغت اللہ کی سربراہی میں آئے ہوئے 18 رکنی وفد سے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد میں ایم این اے صاحبزادہ صبغت اللہ کے علاوہ ایم پی اے عنایت اللہ ، ایم پی اے صاحبزادہ ثناء اللہ ، ایم پی اے باچا صالح وغیرہ شامل تھے۔ پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ ، سیکرٹری سپورٹس ، ڈی سی اپر دیر، چیف کنزرویٹروائلڈ لائف اور چیف کنزرویٹر جنگلات بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد نے وزیراعلی کو کمراٹ میں مقامی لوگوں کے مسائل اور ان کے تحفظات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی وفد نے یہ بھی التجا کیا کہ وہاں کے مقامی آبادی کو ان کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اپر دیر کو ہدایت کی کہ مسائل کے حل کے لئے کمراٹ کے لوگوں کے ساتھ جرگے کا انعقاد کرلیں یہ ہمارے اپنے لوگ ہیں اور وہاں پر ہر کام ان کی خواہشات کے مطابق ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمراٹ میں سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کی ترقی اور انکے طرز زندگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ مقامی لوگوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کو ہر حال میں ممکن بنایا جائے گا صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کا منشور ہے کہ ملک اور خصوصاً صوبے میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی جائے گی اور ان مقامات کو سیاحت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ اس طرح صوبے میں معیشت بڑھے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمراٹ میں سیاحت کا فروغ مقامی لوگوں کے تعاون اور مدد سے ہی ممکن بنایا جائے گا۔ لوگوں کے مطالبات خواہشات اور ان کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمراٹ میں سڑکیں اور وہاں پر بحالی کا کام صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جنگلات کو مکمل تحفظ دیا جائے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ آپ لوگ اطمینان رکھیں کہ صوبائی حکومت کمراٹ کے مقامی لوگوں کو مالکانہ حقوق کے تحفظ کو ممکن بنائے گی۔