News Details
02/03/2019
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کا تعلیمی نظام غیر موثر ہے اور یہ موجودہ دو رکے چیلنجز کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کا تعلیمی نظام غیر موثر ہے اور یہ موجودہ دو رکے چیلنجز کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے لہٰذا ہماری حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ اسے جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز کے مطابق بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل اور ہمارے معاشرے کو صحیح خطوط پر استوار کرنے کیلئے تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیا جا سکے ۔ دور حاضر میں جائز اور ناجائز کو دیکھے بغیر زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کی جستجو میں تعلیمی ادارے اور ہماری نئی نسل صحیح راستے سے بٹھک گئی ہے۔ہماری سوچ طلباء کی کردار سازی پر ہونی چاہیئے تاکہ ہمارامستقبل محفوظ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کی طرف سے تیار کر دہ اینڈرائڈ ایپ متعارف کرانے کے حوالے سے اپنے خیالات قلمبند کراتے ہوئے کیا ۔۔ انہو ں نے کہا کہ مذکورہ اینڈ رائڈ ایپ جو صوبہ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز استعمال کریں گے ہمارے امتحانی نظام میں پائی جانے والی خرابیوں اور کمزوریوں کومانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ اصلاحی کام بھی سرانجام دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کرکے اس میں شفافیت لائیں تاکہ یہ ہماری نئی نسل اور ہمارے معاشرے میں اصلاح لانے کے قابل ہو سکے ۔ انہو ں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی اصلاح کے بعد دوسرے تمام شعبوں میں اصلاح کا کام آسانی سے ہو سکے گا ۔