News Details

02/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دشمن دہشت پھیلاتے پھیلاتے تھک جائے گا لیکن ہم دائمی امن کیلئے قربانیاں دیتے دیتے کبھی نہیں تھکیں گے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دشمن دہشت پھیلاتے پھیلاتے تھک جائے گا لیکن ہم دائمی امن کیلئے قربانیاں دیتے دیتے کبھی نہیں تھکیں گے ۔وہ صوبائی وزراء اور منتخب نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم بالخصوص پشتون بیلٹ گزشتہ چار دہائیوں سے قربانیاں دیتی آرہی ہے ۔ فوج، ہمارے ادارے اور صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی اور جیتی ۔ ہم کند ن بن چکے ہیں ۔ ہم رزیلینٹ ہیں۔ ہماری لئے قربانیاں دینا کوئی نئی بات نہیں کیونکہ ہم ز ندہ قوم ہیں ، جارحیت سے نمٹنا اور دشمن کے ساتھ آخری وقت تک مقابلہ کرنا ہمارے خون میں شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن نے الیکشن جیتنے کیلئے جھوٹ اور افواہوں کے پہاڑ کھڑے کئے لیکن آج کے دور میں حقیقت کو زیادہ دیر تک چھپایا نہیں جا سکتا ۔ دشمن کے جھوٹ کو بین الاقوامی طور پر سٹیلائٹ کے ذریعے جھٹلایا گیا جبکہ سچ آشکارہوا تو دشمن کے جھوٹ کے پہاڑریزہ ریزہ ہو گئے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن نے تمام جنگی حربے آزمائے ، سچائی کا گلہ گھونٹا، پروپیگنڈہ کیا لیکن اپنے عوام کو بھی مطمئن نہیں کر سکا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دُنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے جبکہ دشمن 20ویں صدی میں رہ رہا ہے اورہماری تیاری 21 ویں صدی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن نے اپنی طاقت آزمائی لیکن منہ کی کھائی ۔ہم اﷲ کی ذات پر بھروسہ کر تے ہیں جو کل وقتی اور دائمی طاقت ہے ، دشمن دنیادی چیزوں پر بھروسہ کرتا ہے جس نے اُس کو غیر محفوظ بنا دیا ہے جبکہ مسلمان اﷲ کے بھروسے پر ایمان رکھتاہے اور توکل کرتا ہے۔ دشمن کو پاکستانی فوج اور قوم سے لڑنے کی حماقت چھوڑ دینی چاہیئے ،دشمن اپنی بربادی کا تماشہ نہ بنائے ، ماضی کی بڑی قوتوں کی شکست وریخت سے سیکھے ، گھاٹے کا سودا نہ کرے ۔