News Details
02/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کا قیام بہت جلد ممکن بنایا جائیگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کا قیام بہت جلد ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کیمپس کے لئے زمین کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی۔ انہوں نے اس سلسلے میں دنگرام اور کبل میں دستیاب سرکاری اراضی کے انتخاب یا سوات یونیورسٹی کے سامنے زمین خریدنے کی آپشن پر غور کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ شانگلہ کیمپس جو کہ 1.5ارب روپے سے تعمیر ہو ا ہے ، کا افتتاح بہت جلد وہ اپنے ہاتھوں سے کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کانجو سوات میں لینگویچ سنٹر جوکہ فرنٹیئرایجوکشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم ہو اہے ،کا افتتاح بھی جلد کیا جا ئیگا۔ انہوں نے سوات یونیورسٹی مین کیمپس چار باغ میں فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے بنیا دی صحت مرکز ، سکول اور کالج کے قیام کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کے قیام حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی ، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم خان ، وائس چانسلر سوات یونیورسٹی و دیگر عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کے لئے زمین کے حصول، مختلف کیمپسز اور ان کے مسائل کے حل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شانگلہ کیمپس کے لئے زمین کی فراہمی پر شرکاء نے وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات میں فلائی اوورز اور پلوں کی تعمیر کا کام بہت جلد مکمل کیا جائیگا، جس سے سوات میں ٹریفک کے مسائل حل ہو جا ئیگے۔ او ر یونیورسٹی و کالجزکے طلباء کو ٹریفک کے گھمبیر مسئلے سے کل وقتی چھٹکارا مل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کیمپس میں ٹیوب ویل اور پانی کے مسائل سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے سوات یونیورسٹی میں بنیادی صحت مرکز اور چائنیز لینگویج سنٹر کے قیام کی تجویز سے بھی اصولی اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ سوات ویمن یونیورسٹی کیمپس اور گرلز کالجز کے لئے پنک بسوں کی فراہمی پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے پنک بسوں کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے درکار اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کالام میں کالام انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کی زمین کو ریسرچ سنٹر کے لئے استعمال میں لانے کی تجویز سے بھی اصولی اتفاق کیا ہے۔ ریسرچ سنٹر میں میڈیسنل پلانٹس اور فریش واٹر فش کی تجارت کو ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے سوات میں بوائز کالجز کا کرایہ کی عمارتوں میں اجراء کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا ۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ سوات کے اگلے ویزٹ پر سوات یونیورسٹی میں اکیڈیمک بلاک کا افتتاح بھی ممکن بنایا جائیگا۔ صوبے میں جاری شجرکاری مہم 2019کے تحت سوات یونیورسٹی کے احاطے میں وہاں پودا لگا کر پودے لگانے کی مہم کا افتتاح یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ خواتین کے لئے تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اور ان کو تعلیم کے حصول میں تمام ممکن سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔