News Details
02/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ، ہزارہ اور قبائلی علاقوں میں سیاحت کی استعداد اور دیگر وسائل کے وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ، ہزارہ اور قبائلی علاقوں میں سیاحت کی استعداد اور دیگر وسائل کے وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے ۔ صنعت ، سیاحت اور مواصلات کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع ہیں ۔ ہم جنوبی اضلاع کو بھی بتدریج تجارتی ، صنعتی او ر سیاحتی سرگرمیوں کیلئے کھول رہے ہیں۔ امن ترقی کی بنیاد ہے جب دیر پا امن ہو گا تو ترقی کے راستے بھی کھلتے جائیں گے ۔ قومی ترقی ، خوشحالی اور عوامی فلاح کے مجموعی عمل میں میڈیا کا کردار نمایاں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے ۔ میڈیا عوامی فلاح کے کاموں کو ہائی لائٹ کرے تاکہ عوام کو بھی پتہ چل سکے کہ حکومت اُس کی فلاح کیلئے کیا کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈیرہ اسماعیل خان پریس کلب کے صدر یسین خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عوامی فلاح کی جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے ۔ صوبے کے مختلف ریجنز میں میگا پراجیکٹس کے قیام کیلئے بھی عملی پیش رفت جاری ہے ۔ اُنہوں نے خصوصی طور پر پشاور ، چارسدہ ، نوشہرہ ، مردان اور صوابی کیلئے سرکلر ریلوے ٹریک ، پشاور سے ڈی آئی خان ایکسپرے وے کو دو رویہ کرنے اور ریلوے ٹریک ، سوات موٹروے اور رشکئی ، حطار اور ڈی آئی خان کے اکنامک زونز کا ذکر کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ یہ منصوبے جتنا جلدی ممکن ہو سکے مکمل ہو جائیں ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف متعلقہ ریجنز میں ترقی اور خوشحالی کے راستے کھلیں گے بلکہ تجارتی اور مواصلاتی طور پر تمام ریجنز ایک دوسرے سے منسلک اور مربوط ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت ملاکنڈ ڈویژن ، جنوبی اضلاع اور قبائلی علاقوں سمیت تمام پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ تمام علاقوں کو بتدریج ترقی کیلئے کھولا جار ہا ہے اُنہوں نے ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی علاقوں میں موجود سیاحتی استعداد اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی کا بھی ذکر کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاحت کی تیز تر ترقی کیلئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرز پر بااختیار اتھارٹیز بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے ۔ ہم نے ہر صورت میں سیاحتی مقامات کو بطور صنعت فروغ دینا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس مجموعی عمل میں میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہاکہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہونے کی وجہ سے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مناسب انداز میں اُجاگر کرے تاکہ عوام ان منصوبوں کی اہمیت ، ضرورت اور افادیت سے باخبر ہو سکے ۔ اس طرح نہ صرف ان منصوبوں کی تکمیل میں کافی مدد ملے گی بلکہ عوام ان منصوبوں سے مستفید بھی ہو پائیں گے ۔