News Details

27/02/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ایبٹ آباد ، ڈی آئی خان، اور سوات میں زمونگ کور کے کیمپس کھولنے کی منظوری دی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ایبٹ آباد ، ڈی آئی خان، اور سوات میں زمونگ کور کے کیمپس کھولنے کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے پشاور میں بچیوں کیلئے بھی زمونگ کور کا علیحدہ کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی ۔ انہوں نے زمونگ کور کے مذکورہ چار کیمپس کے قیام کیلئے پہلے سے دستیاب عمارتوں یا زمین کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ زمونگ کور پراجیکٹ کو مضبوط کرنے اور اسے توسیع دینے کے حوالے سے صوبائی حکومت کے منصوبے کا نقطہ آغاز ہے ۔ مستقبل میں اسے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں زمونگ کور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت اور آزاد فاؤنڈیشن یو کے کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی ،وزیر مواصلات اکبر ایوب اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور پی ڈی زمونگ کور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ زمونگ کور سٹیٹ چلڈرن کیلئے اپنی نوعیت کا ایک منفرد ماڈل ہے ۔ اُن کی حکومت زمونگ کو ر پراجیکٹ کو ایبٹ آباد، سوات اور ڈی آئی خان تک توسیع دینے جارہی ہے ۔ اس کے بعد مستقبل میں صوبے کے دیگر علاقوں تک بھی زمونگ کور کو توسیع دی جائے گی ۔اس موقع پر فاؤنڈ یشن کے وفد نے سٹیٹ چلڈرن کی بحالی بشمول اُن کی دیکھ بھال ، تعلیم اور اُنہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی ۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ سٹیٹ چلڈرن میں سے ایک بچہ بہترین کھلاڑی بن چکا ہے جس نے پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ کراچی میں شرکت کی ہے ۔ اجلاس میں سٹیٹ چلڈرن کے سماجی تحفظ کیلئے پی ٹی آئی حکومت کے سابقہ فیصلوں ، اس سلسلے میں کی گئی قانون سازی کے علاوہ معاشرے کے کمزور اور غیر محفوظ لوگوں ، گداگروں ، چائلڈ لیبر اور جیو میپنگ کے ذریعے ڈیٹا جمع کرنے کے حوالے سے فاؤنڈیشن کی طرف سے تیار کردہ مجوزہ گائیڈ لائنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں سٹیٹ چلڈرن کے سماجی اور فزیکل جائزے کی بھی تجویز پیش کی گئی تاکہ اُن کے ٹیلنٹ کا اندازہ ہو سکے اور اُنہیں مجموعی سماجی فریم میں لایا جا سکے ۔ اس موقع پر بچوں کے تحفظ اور فلاح کیلئے زمونگ کور کے ذریعے صوبائی حکومت کی کاوشوں اور دیگر اقدامات کو سراہا گیا ۔ فاؤنڈیشن نے اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے ساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کئے جو قانون سازی کیلئے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے زمونگ کور ماڈل کو صوبے کے دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا یقین دلایااور کہا کہ غیر محفوظ بچوں کو تحفظ دینے اور اُن کی بحالی کیلئے زمونگ کور کے دیگر اضلاع میں بھی کیمپس کھولے جائیں گے ۔ انہوں نے فاؤنڈیشن سے کہاکہ وہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بیٹھ جائے اور ایک مکمل پلان وضع کرے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس پلان کی منظوری دی جائے گی اور سٹیٹ چلڈرن کی فلاح اور تحفظ کیلئے مزید ضروری نوعیت کی قانون سازی بھی کی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے غیر محفوظ اور بے سہارا بچوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے پہلے سے بہتر بیس لائن کو بھی سراہااور کہاکہ اس کی مدد سے پلان وضع کرنے میں مدد ملے گی اور سٹیٹ چلڈرن کو ایک تعلیم یافتہ یوتھ میں تبدیل کرنے اور صوبے کے مستقبل کا اثاثہ بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے سٹیٹ چلڈرن کی بحالی کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی سے اتفاق کرتے ہوئے گھروں سے بھاگ جانے والے بچوں ، گداگروں اور چائلڈ لیبرز کے رویے اور طور طریقوں کے مطالعے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ حکومت اُن کی بحالی کیلئے حقیقت پسندانہ حکمت عملی وضع کر سکے ۔ محمود خان نے سٹیٹ چلڈرن کی معیاری تعلیم و تربیت کا بھی یقین دلایاتا کہ اُن کی استعداد اور صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت معاشرے کے کمزورخاندانوں اور غیر محفوظ بچوں کی آمدنی میں اضافہ کیلئے تجاویز اور اقدامات کو بھی خوش آمدید کہے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے کمیونٹی سے بھی کہاکہ وہ آگے آئے اور معاشرے کے بے سہارا اور کمزور خاندانوں اور بچوں کی معاونت کیلئے کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ان لوگوں کی استعداد میں اضافے کیلئے بھی کام کرے گی تاکہ معاشرے میں موجود کمزوریوں کی وجہ سے خلاء کو پر کیا جاسکے ۔ محمود خان نے سٹیٹ چلڈرن کے محفوظ مستقبل کا یقین دلایا اور کہاکہ ہم معاشرے کے غریب طبقے کیلئے کام کرنے کیلئے سیاسی عزم کا اظہار بدستور کر چکے ہیں اور اس پر کام بھی کر رہے ہیں ۔انہوں نے پاکستان سے باہر رہنے والے پاکستانیوں کے سٹیٹ چلڈرن کی فلاح کیلئے حکومتی کوششوں کا حصہ بننے کے حوالے سے عزم اور اخلاص کو بھی خوش آمدید کہا ۔ محمود خان نے کہاکہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت پر سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت لوگوں کی توقعات پر پورا اُترے گی ۔