News Details

26/02/2019

وزیر اعلیٰ کی مانسہرہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پی ٹی آئی اُمیدوار کو مبارکباد

وزیر اعلیٰ کی مانسہرہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پی ٹی آئی اُمیدوار کو مبارکباد خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے30 مانسہرہI کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوارا سیداحمد حسین شاہ کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور اُن کی فتح کوپارٹی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر قرار دیا ہے،انہوں نے کہاکہ مخالفین اپنا منہ دیکھتے رہ گئے اور تحریک انصاف نے میدان مارلیا،عوام کا پی ٹی آئی پر اس سے زیادہ اعتماد اور کیا ہو سکتا ہے۔ اُنہوں نے سید احمد حسین شاہ کے نام جاری تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ واضح کامیابی عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی پر مانسہرہ کے لوگوں کے غیر متزلزل اعتماد کی غمازہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آئے روز بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ یہی ہے کہ گزشتہ چھ دہائیوں سے جاری استحصالی نظام اور روایتی موروثی سیاستدانوں سے تنگ عوام حقیقی معنوں میں تبدیلی چاہتے ہیں ،لوگ اپنے مستقبل کیلئے صرف پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہیں ۔صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات کے مثبت اثرات اور نتائج ہر سطح پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف عام آدمی کی فلاح کیلئے کوشاں ہے مفاد پرست موروثی سیاستدان تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور قانون سازی کا حق ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مخلصانہ کردار ادا کریں گے اور سرکاری محکموں اور اداروں سے کرپشن و اقرباء پروری کا خاتمہ کرکے انہیں عوامی توقعات کا آئینہ دار بنانے کے مشن میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے اُنہوں نے سیاسی بالغ نظری اور کھوٹے اور کھرے کی پہچان پر مانسہرہ کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔