News Details

20/02/2019

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی وزیر اعظم عمران خان کو بریفننگ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آج قومی اسمبلی کے چیمبر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی وزیراعلیٰ نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی اور خدمات کی سرگرمیوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائل کی تیز تر ترقی او ر ضم شدہ اضلاع میں انفراسٹرکچر بہتر بنانے پر کام کر ہے ہیں۔ بہتر امن و امان کی وجہ سے قبائلی اضلاع کی عوام کی مشاورت سے ترقیاتی پلان کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ محمود خان نے واضح کیا کہ سابقہ فاٹا میں سرکاری دفاترکے قیام ، وزراء کے دوروں اور سرکاری اہلکاروں کے کام کی وہ خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو قرضہ دینگے تاکہ وہ اپنا روزگار شروع کر سکیں اور معاشی اعتبار سے اپنے پاؤ ں پر کھڑا ہو سکیں۔نئے شامل ہونے والے اضلاع کی آباد کاری و تعمیر نو ، معاشی سرگرمیوں کا اجراء اور روزگار کی فراہمی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز چیلنج ہے تا ہم وزیراعظم کے وژن اور رہنمائی میں تمام چیلنجز پر قابو پا لینگے صوبائی حکومت قبائلی عوام کی محرومیاں دور کرنے کیلئے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل پیرا ہے نئے اضلاع میں انتظامی اور خدمات کا ڈھانچہ کھڑا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے قبائلی عوام اور غریبوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ فاٹا کے تمام اضلاع کی ترقی اور وہاں کے عوام کی محرومیاں ختم کرنا ترجیح ہے۔وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ صوبے میں نئے شامل ہونے والے اضلاع کو ترقیاتی پیکیج دے رہے ہیں،صوبائی وزراء سابقہ فاٹا کے دورے جاری رکھیں اور اپنے محکموں کی توسیع اور استحکام پر کام کریں وزیراعظم نے صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی اور تعمیر نو کی سرگرمیوں کا آغاز اور مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معاشی سرگرمیاں شروع کرینگے اور قبائلی نوجوانوں کو روزگار دینگے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ انہیں قبائلی اضلاع کے لوگوں کی تکالیف کا احساس ہے۔وعدے پورے کرینگے۔ نئے اضلاع میں صحت انصاف کارڈ سب کو ملے گا۔غریب کی فلاح ترجیح ہے ،کسی کا استحصال نہیں ہونے دینگے۔