News Details

20/02/2019

.وزیراعلیٰ محمود خان سے برطانیہ کی سٹیٹ سیکرٹری برائے انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ اور وزیر برائے ترقی خواتین و مساوات کی ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے برطانیہ کی سٹیٹ سیکرٹری برائے انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ اور وزیر برائے ترقی خواتین و مساوات Ms. Penny Mordaunt کی سربراہی میں ڈی ایف آئی ڈی کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ خصوصی مشیر برائے سیکرٹری آف سٹیٹ، برٹش ہائی کمشنر برائے پاکستان تھامس ڈریو، مس جوانا ریڈہیڈ آف ڈی ایف آئی ڈی پاکستان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ جبکہ صوبائی وزراء محمد عاطف خان ، تیمور سلیم جھگڑا، شہرام خان ترکئی ، بیرسٹر سلطان محمد خان ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سلیم خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن احمد حنیف اورکزئی ، صوبائی سیکرٹریز اور مختلف صوبائی تنظیموں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے برطانوی وزیر اور وفد کو صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے ، ترقی و فلاح کے اقدامات خصوصی طور پر ضم شدہ اضلاع کی فلاح و ترقی کیلئے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کیلئے لوکل سلف گورننس سکیم تیار کی گئی ہے جس کے تحت بہت جلد ان علاقوں کے عوام لوکل گورننس سطح پر 3500سے زائد مقامی نمائندوں کا انتخاب کریں گے ۔ اور دوسری طرف پہلی طرتبہ صوبائی اسمبلی کیلئے 21 ایم پی ایز کا انتخاب بھی کیا جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کیلئے دس سالہ سماجی و معاشی ترقیاتی پلان کا اجراء بھی ہو چکا ہے ، مذکورہ اضلاع کی ترقی کیلئے دس سالوں تک نیشنل فنانس کمیشن سے تین فیصد حصہ فراہم کیا جائیگا ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں امن بحال ہو چکا ہے ، افغانستان کیساتھ منسلک بارڈر کی فینسنگ کی جارہی ہے جو خطے میں دیر پا امن اور استحکام میں عام کردار ادا کریگا، کیونکہ اس عمل سے شدت پسندوں کا صوبے میں داخلہ روک دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سیاسی جماعت کو دوبارہ حکومت کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے اصلاحاتی ایجنڈے اور صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے، ان کی حکومت اپنے منشور کے تحت اصلاحات کے عمل کو مزید دیر پا بنا رہی ہے تاکہ صوبے کے عوام ان سے مستفید ہو سکے اور انکی زندگی میں تبدیلی نظر آئے۔ محمود خان نے کہا کہ وہ صوبے میں پیشہ ورانہ اور فنی تعلیم و تربیت کے نظام کو بہتر کر رہے ہیں، صنعت کے فروغ کیلئے پر کشش مراعات دی گئی ہے ، معدنیات سمیت صوبے کے دیگر قدرتی ذخائرکی دریافت اور استعمال یقینی بنایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے اور معاشی زونز کی ترقی کیلئے اکنامک زون اینڈ ڈویلپمنٹ منیجمنٹ کمپنی بنائی گئی ہے ، پن بجلی کی ترقی ، زراعت اور لائف سٹاک کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیوں کیلئے خیبرپختونخوا کے آئل اینڈ گیس کمپنی ، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور دیگر با اختیار بنائے گئے ہیں۔ صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان ترین بنایا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف شعبوں خصوصا تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ میں ڈی ایف آئی ڈی کی جاری سرگرمیوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر برطانوی وزیر کو تحفہ بھی دیا بعد ازاں وزیراعلیٰ نے پودا بھی لگایا۔