News Details
20/02/2019
وزیراعلیٰ محمود خان کے زیر صدارت سیاحت پر اجلاس
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاکنڈ ، ہزارہ اور دیگر سیاحتی مقامات بشمول ضم شدہ اضلاع میں سیاحت کی تیز رفتار ترقی کیلئے سیاحت سے متعلق قانون کے مسودہ کو جلد حتمی شکل دینے اور تمام متعلقہ محکموں کی مشاورت سے جامع اور قابل امن قانون یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے سیاحتی مقامات پر تعمیرات بلڈنگ کوڈ کے مطابق کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے سیاحوں کی سہولت کے مراکز /سروس ریسٹ ایریاز کے قیام کیلئے مناسب ترین طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صوبے میں سیاحت کا بطور صنعت مگر ماحول دوست فروغ حتمی ہدف ہوناچاہیئے۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سیاحت پر قائم ٹاسک فورس کے تیسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سینئر صوبائی وزیربرائے سیاحت محمد عاطف خان کے علاوہ صوبائی وزراء اکبر ایوب خان ، اشتیاق ارمڑ ، سلطان محمد خان ،مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر، چیف سیکرٹری سلیم خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ٹاسک فورس کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس کو مختلف سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی اور نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سیاحت کے تیز تر فروغ کے سلسلے میں حکومتی اہداف کا بروقت حصول یقینی بنانے کیلئے متعلقہ قانون کو جامع بنایا جارہا ہے ۔ متعلقہ اتھارٹیز کو اختیارات دئیے جارہے ہیں تاکہ فوری اور اہم نوعیت کے اقدامات میں تاخیر نا ہونے پائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ تین ہفتوں کے اندر محکمہ جنگلات اور دیگر تمام سٹیک ہولڈر ز سے مشاورت کیجائے اور اتفاق رائے سے مکمل ، جامع اور تمام تر کمزوریوں سے پاک قانون کا مسودہ پیش کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاحت کے سلسلے میں درکار اراضی کے حصول سمیت دیگر مسائل کے دیرپا حل کیلئے متعلقہ محکموں کے تحفظات کا بھی قانون میں حل موجود ہوناچاہیئے۔ اجلاس میں ٹورازم پولیس کی تخلیق سے اتفاق کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ ایک الگ یونٹ ہونا چاہیئے جسمیں بلین ٹری سونامی کی طرز پر نوجوان رضاکاروں کو بھی شامل کیا جائے ، اس مقصد کیلئے بوائے سکاؤٹس ماڈل بھی اہمیت کا حامل ہے جو عموماً حج کے دوران حجاج کی سہولیات کیلئے اختیارکیا جاتا ہے ۔ اجلاس میں کبل گلف کورس سوات ، پائیتھوم گلی باغ سوات اور قلعہ بالا حصار پشاور کی محکمہ سیاحت کو منتقلی کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ پہلی دو عمارتوں کبل گلف کورس اور پائیتھوم کی جلد منتقلی یقینی بنائیں جبکہ قلعہ بالا حصار کی منتقلی کے طریقے پر تاحال بات چیت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے نئے ضم شدہ اضلاع میں سیاحتی ریزاٹس کے قیام سے بھی اتفاق کیا تاہم انہوں نے سکیم پر نظرثانی کی ہدایت کی تاکہ قابل عمل منصوبوں کو پہلی فرصت میں مکمل کیا جا سکے۔ اجلاس کو مختلف مقامات پر ریل سروس کی بحالی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ مردان تک دس سال کے بعد ریل دوبارہ چلائی گئی ہے جبکہ تقریباً 20 سال کے طویل عرصے کے بعد درگئی تک بھی مارچ میں ریل سروس کا اجراء کیا جائے گا وزیراعلی نے پشاور سے طورخم تک ریلوے ٹریک کی بحالی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں کمشنر پشاور اور کمشنر مردان کو ہدایت کی کہ وہ درپیش مسائل اور رکاوٹیں دور کریں،انہوں نے پشاور سرکلر ریلوے ٹریک پر پیش رفت تیز کرنے اور چارسدہ اور مردان میں ریلوے ٹریک کو پشاور سرکلر ریلوے ٹریک میں شامل کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے چمکنی سے کارخانوں تک ریل ٹریک کے ساتھ ساتھ ایک متبادل روڈ تعمیر کرنے کی تجویز دی اور اس کے قابل عمل ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ریسکیو 1122 اور صحت کی سہولیات بھی سیاحتی مقامات پر مہیا کرنے سے اتفاق کیا اور کہا کہ یہ بہت ضروری ہے خاص طورپر سیزن کے دوران یہ سہولیات دستیاب ہونی چاہیں انہوں نے اس سلسلے میں جگہ کی نشاندہی کرنے اور طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے ٹورازم پولیسنگ کیلئے ترکی اور تھائی لینڈ کے ماڈلز کا جائزہ لینے کے بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت ، پولیس ، داخلہ ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز آپس میں بیٹھ جائے اور ٹورازم اتھارٹی اور پولیسنگ کیلئے قابل عمل طریقہ کار وضع کریں۔ اجلاس میں سیاحت کی کشش رکھنے والے مختلف ایریگیشن ڈیمز کی سائیٹس کو سیاحتی خطوط پر ترقی دینے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے معاملات کو اعلیٰ سطح پر پالیسی ساز فیصلے کیلئے لانے سے پہلے متعلقہ محکموں کے مابین اجلاس کرنے اور معاملات کو حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ صوبے کے مفاد میں بہتر سے بہتر فیصلہ سازی یقینی ہو سکے ۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ غیر ملکی شخصیات اور سیاحوں کواین او سی کے اجراء اور رجسٹریشن کے مجموعی عمل کو آسان ترین بنانے کیلئے وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ اس موقع پر اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے کے مختلف ریجنزمیں سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی آسان رسائی یقینی بنانے کیلئے دو درجن کے قریب موجودہ سڑکوں کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے نان اے ڈی پی پی سی ون پیش کیا جا چکاہے اسی طرح نئے اور موجودہ جیپ ایبل ٹریکس کی تعمیر نو و بحالی کا پی سی ون بھی پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کو پیش کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ سڑکوں کی تعمیر نو و بحالی کے سکیم سے اصولی اتفاق کیا تاہم انہوں نے متعلقہ سکیم میں سڑکوں کی ترجیحات کا تعین کرنے اور حقیقت پسندانہ فیزیبلٹی کی ہدایت کی تاکہ منصوبے پر عمل درآمد کے مرحلے میں وسائل کا مسئلہ نہ بنے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ سڑکوں کی بحالی اپنی جگہ بہت ضروری ہے