News Details
17/02/2019
وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا خپل کور سوات منصوبے کا افتتاح
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کو غربت کی لکیر سے نکالنے کیلئے بھرپورکوششیں کرونگا کیونکہ غربت کا خاتمہ اور معاشی خود کفالت درحقیقت وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے جن کاہمیں شروع دن سے حکم ہے کہ صبح کا آغاز ہمیشہ غریب کیلئے سوچ سے کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہم ضم شدہ قبائلی اضلاع کے غریب عوام کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرینگے جب بھی عمران خان سے ملاہوں توانہوں غریبوں کیلئے کچھ کرنے کا کہا ہے وہ مینگورہ سوات میں خپل کور فاوئڈیشن کے نو تعمیر شدہ جدید یتیم خانہ خپل کور ویلج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو قطر چیریٹی کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے تقریب میں چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان، ارکان صوبائی اسمبلی عزیزاللہ گران، میاں شرافت علی، وقار خان، سردار خان، ضلع ناظم محمد علی خان ، تحصیل ناظم بابوزئی اکرام خان، کمشنر ملاکنڈ سید ظہیرالاسلام شاہ، ڈی آئی جی سعید وزیر، ایس ای سی اینڈ دبلیو جمیل احمد، ایکسئین انجینئر شہاب خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی وزیرا علیٰ نے کہا کہ خپل کور فاونڈیشن کے ویلج کی مستقل آمدنی کیلئے خپل کور فاونڈیشن کو زکواۃ فنڈز سے پچاس لاکھ روپے بطور انڈومنٹ فنڈ دینگے تاکہ اس رقم کو استعمال میں لاکر آمدنی کا ذریعہ بنائیں اس سے ادارے کے اخراجات پورے کئے جائیں گے انہوں نے خپل کورفاونڈیشن کے ویلج ٹو کی دوسری منزل کی تعمیر صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل کرانے کا علان بھی کیا اس موقع پر انہوں نے مخیر لوگوں سے بھی اپیل کی کہ انسانیت کی بے لوث خدمت کیلئے مصروف عمل ایسے فلاحی اداروں کی فراخدلانہ امداد کی جائے کیونکہ یہ اکیلے حکومت کے بس میں نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش یہ ہے عوام کی غربت کو جلد از جلد امارت میں بدلا جائے اور ایسی پالیسیاں اپنائی جائیں کہ حکومت اور عوام معاشی طور پر خود کفیل ہوں محمود خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں غریب عوام کی خدمت اور مسائل کے حل ٹاسک دیا ہے جسے وہ ہر صورت پوراکرینگے انہوں نے کہا کہ پشاور میں غریب عوام کیلئے شلٹر ہوم بنایا ہے اب ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں شلٹرہوم بنائیں گے تاکہ غریب مسافر اور فٹ پاتھوں پر مجبوری کی وجہ سے سونے والوں کو عارضی پناہ گاہیں اور پیٹ بھر کھانا مل سکے انہوں نے کہا کہ ہر صبح اٹھ کر غریب عوام کی فلا ح وبہبود کیلئے سوچتاہوں انہوں نے کہا کہ فاٹا جواب صوبے میں ضم ہو چکا ہے کی تعمیر وترقی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں تاکہ وہاں کے غریب عوام کی محرومیوں کاازالہ ہو سکے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں صرف سوات اور مالاکنڈڈویژن کا وزیر اعلی نہیں بلکہ ثابت کرونگا کہ میں پورے صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں انہوں نے کہا کہ صوبے سے غربت ختم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں وزیر اعلیٰ نے مخیر حضرات سے بھی فلاحی اداروں کیساتھ بھر پور مالی معاونت کرنے کی اپیل کا اعادہ بھی کیا۔