News Details
17/02/2019
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تحصیل مٹہ کے دو رافتادہ کوہستانی علاقے ماندوری یوسی مٹہ خریڑی کے مقام پر دیودار کا پودا لگا کر اور مقامی لوگوں میں پودے تقسیم کر کے صوبے میں موسم بہار کی شجرکاری مہم اور گرین اینڈ کلین خیبرپختونخوا مہم کا افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تحصیل مٹہ کے دو رافتادہ کوہستانی علاقے ماندوری یوسی مٹہ خریڑی کے مقام پر دیودار کا پودا لگا کر اور مقامی لوگوں میں پودے تقسیم کر کے صوبے میں موسم بہار کی شجرکاری مہم اور گرین اینڈ کلین خیبرپختونخوا مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے باغ ڈھیری میں آبپاشی کے عظیم الشان منصوبے کا افتتاح بھی کیا جوساڑھے 92 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور اس کی بدولت تحصیل مٹہ کی ہزاروں ایکڑ اضافی بارانی اراضی کو سیرا ب کرنے کے علاوہ علاقے میں پھلوں اور سبزیوں کے باغات کا نیا دور شروع ہو گا۔ ان مواقع پر عمائدین علاقہ سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات و ماحولیات اور محکمہ آبپاشی کی کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے عمارتی لکڑی کی مقامی سطح پر دستیابی کیلئے مٹہ میں ایک ٹمبر ڈپو کے قیام اور یو سی مٹہ خریڑی سے ملحقہ پہاڑوں اور اُن کے دامن میں بھرپور شجرکاری کرکے وہاں سرکاری گیمز ریزرو( شکارہ گاہ) بنانے کا اعلان بھی کیا جس کی بدولت جنگلات اور جنگلی حیات کو زبردست فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے جنگلات میں اضافے اور ٹمبر مافیا کی حوصلہ شکنی پر محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فارسٹ گارڈ ملازمین کی اپ گریڈیشن کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے گرین خیبرپختونخوا کے ساتھ کلین خیبرپختونخوا مہم کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کو صنعت کے طور پر پروان چڑھانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ صوبے کے دوسرے علاقوں کے ساتھ ساتھ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے سیاحتی علاقوں کو بھی ترقی دینے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور وہاں وسیع پیمانے پر جنگلات کاری بھی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گرین معیشت کی اس عظیم الشان مہم میں اربوں کی سرمایہ کاری کے ذریعے کھربوں کا معاشی ڈھانچہ کھڑا کریں گے جو صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔وزیراعلی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں پچھلے 5 سالوں میں ایک ارب20 کروڑ درخت لگائے اس مرتبہ پورے ملک میں 10 ارب پودے لگائے جارہے ہیں جس میں خیبرپختونخوا کی حکومت 56 ارب روپے کی لاگت سے مزید ایک ارب پودے بھی لگائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 2013 میں جب ہماری پچھلی حکومت برسر اقتدار آئی تو صوبے میں کرپشن کا بازار گرم ہونے کے ساتھ ساتھ ٹمبر مافیا کا راج تھااور درختوں کو گاجر ، مولیوں کی طرح کاٹا جارہا تھا جس کا خمیازہ قوم نے 2010 کے قیامت خیز سیلابوں کی شکل میں چکھ لیا تھامگر ہماری صوبائی حکومت نے جہاں تعلیم اور صحت کے شعبے میں ایمرجنسی لگائی اُسی طرح بلین ٹری سونامی کا آغاز کرنے کے علاوہ ٹمبر مافیا کو نکیل ڈالی حتی ٰ کہ ٹمبر سمگلروں کیلئے ایک درخت کاٹنا بھی مشکل بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پورے صوبے میں بلین ٹری سونامی مہم کامیابی سے جاری ہے اور یہ شجرکاری مہم 2020 تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے سے 5 لاکھ تک افراد باروزگار ہوئے شجر کاری مہم کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار ہیکٹر جنگلات کی اراضی قبضہ مافیاواگزار بھی کرائی گئی اور ان پر جنگلات کاری کی گئی اسی طرح بنجر اور ناکارہ زمین کو کارآمد بنایا گیاانہوں نے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ جنگلات کے ملازمین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران ٹمبر مافیا کے ہاتھوں 11 اہلکاروں کی شہادت ہوئی جبکہ 5 افراد معذور ہوچکے ہیں۔بلین ٹری منصوبے کی تکمیل کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا چوتھا خوش نصیب ملک ہے۔ اس منصوبے کے دوران محکمہ جنگلات نے لاکھوں مفت پودے تقسیم کئے جبکہ ہماری کوشش ہے کہ شجرکاری مہم میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ براہ راست شامل ہوں اور لوگ اپنے گھروں اور حجروں میں بھی درخت لگائیں کیونکہ یہ درخت دراصل تازہ آکسیجن بنانے کی فیکٹریاں ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ مہم کے دوران اہلکاروں اور عوام کا جذبہ قابل تعریف ہے ۔ شجر کاری مہم اسی جذبے سے جاری رہے گی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم کا حصہ بنیں ۔قبل ازیں سوات میں محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا کے حکام نے وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کو باغ ڈھیری ایریگیشن چینل پر بریفنگ دی۔ باغ ڈھیرئی ایریگیشن چینل 21 کلومیٹر طویل سکیم سے 5341 ایکڑ زمین سیراب ہوگی جبکہ 923 ملین روپے لاگت سے باغ ڈھیری سکیم رواں سال جون میں مکمل ہوگا۔سکیم پر قریب 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل سے بیشتر علاقے سرسبز ہوجائینگے۔ بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ ایریگیشن سکیم سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعلی کو تحصیل مٹہ میں خاورنے خوڑ پر حفاظتی بند بمع روڈ کی تعمیر پربھی بریفنگ دی گئی بند کی تعمیر سے کئی ایکڑ اراضی سیلابی ریلوں سے محفوظ ہوسکے گی۔ نئی سڑک سے تحصیل مٹہ پر ٹریفک کا لوڈ کم ہوجائے گا اور 10 کلومیٹر سکیم پر 1100 ملین روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلی نے دونوں میگا پراجیکٹس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دونوں منصوبے تحصیل مٹہ کے لئے ضروری تھے۔ سوات کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائینگے۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے جارہے ہیں ضلع سوات میں باروے ایریگیشن کی تعمیر بھی زیرغور ہے۔باروے سکیم سے آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔