News Details
14/02/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت انصاف کے لئے کھڑی ہے ، ہماری حکومت نے نا انصافی کے آگے دیوارکھڑی کرنی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت انصاف کے لئے کھڑی ہے ، ہماری حکومت نے نا انصافی کے آگے دیوارکھڑی کرنی ہے ۔کیونکہ وہ معاشرہ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی جہاں انصاف کا پائیداراور منصفانہ نظام نہ ہو۔ وکلاء کا معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف لائرزفورم کے بانی ارشد خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں انصاف لائرز فورم کے 18 رکنی وفد سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا عبد الطیف یوسفزئی، سیکرٹری قانون و دیگر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نا انصافی کیخلا ف ہماری مسلسل جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انصاف لائرز فورم کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ انصا ف لائرز فورم کے ساتھ ہر قسم تعاون کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔اجلاس کو انصاف لائرز فورم کے مختلف مسائل اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وفد نے اس بات کی وضاحت کی کہ وفاقی اور صوبائی محکموں میں انصاف لائرز فورم کو نمائندگی دی جائے ۔ انصاف لائرز فورم کے ممبران نے درخواست کی کہ انکے دیرینہ مسائل کوبھی حل کئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ انکے جتنے بھی جائز مطالبات ہیں انکو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مختلف محکموں سے لیگل ایڈوائزر کی آسامیوں کی تفصیلی لسٹ منگوائی جائیگی۔ جسکے بعد اس پر آگے بڑھا جائیگا۔ انہوں نے ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ انصاف لائرزفورم کے جتنے بھی مسائل ہیں انکو حل کئے جائے، اس ضمن میں انہوں نے انصاف لائرز فورم کو کہا کہ وہ آئندہ کے لئے اپنے مسائل سے ایڈوکیٹ جنرل کو آگاہ کریں اور اسکے ساتھ مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کریں۔