News Details

13/02/2019

.جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جیکا) نے سیلابوں، زلزلوں اور دوسری آفات سے صوبے کے متاثرہ دیہی سڑکوں کی بحالی کے لئے تعاون کی پیشکش

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جیکا کی طرف سے حال ہی میں پیش کردہ تعاون کے بہتر استعمال کے لئے بنیادی کام کو جتنی جلدی ممکن ہوحتمی شکل دی جائے۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جیکا) نے سیلابوں، زلزلوں اور دوسری آفات سے صوبے کے متاثرہ دیہی سڑکوں کی بحالی کے لئے تعاون کی پیشکش کی ہے ۔جیکا کے ایک وفد نے بدھ کے روز وزیر اعلی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جہاں خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ، چیف اکانومسٹ اور پی ای اینڈ ڈی ڈی کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔حال ہی میں کئے گئے ایک معاہدے کے تحت نیسپاک کو مختلف دیہی سڑکوں کے نٹ ورک کی امکاناتی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جو نیسپاک نے ایبٹ آباد اور ہری پور میں مکمل کرلی ہے۔ اجلاس میں نیسپاک کی ایبٹ آباد اور ہری پور کے بار ے میں رپورٹ پر بحث کی گئی جیکا نے اپنے امدادی پروگرام کے تحت اس سٹڈی کے لئے مالی تعاون فراہم کیا۔ تقریباً دو ہزار کلو میٹرز (2000 کلومیٹر) دیہی سڑکیں بحالی اور تعمیر نو کے لئے تجویز کی گئی ہے۔ جن میں سے 600 کلو میٹر سے زیادہ سڑکوں پر کام آئندہ مالی سال میں کیا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ان پراجیکٹس کو صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اور ایکنگ سے منظور کر لیا جائے گا اور ان پر آنے والے جون سے کام شروع کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ دریں اثناء وزیر اعلی نے صوبے کے دیہی ہسپتالوں کے لئے مشینری اور آلات خریدنے کے مقصد کے لئے جاپانی سفارت خانہ سے کاؤنٹر ویلیوگرانٹ حاصل کرنے کے لئے ایک کیس تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک یہ فنڈز مفت میں دستیاب ہیں مگر استعمال میں نہیں لائے گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر صوبے کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی جن میں بے شمار دیہی سڑکوں ، پلوں، تعلیمی اداروں اور دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت میں سہولیات شامل ہے کے سلسلے میں جیکا کے تعاون کو بھی سراہا