News Details
07/02/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے انکشاف کیا ہے کہ آئندہ بجٹ کو عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر عوامی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے ایک جامع سروے کر رہی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ آئندہ بجٹ کو عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر عوامی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے ایک جامع سروے کر رہی ہے۔ یہ سروے اس لئے بھی ضروری ہے کہ ہمیں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تمام شعبہ ہائے زندگی کی جائز حقوق کو تحفظ دیا جائے ۔آج یہاں سے جاری ہونے والے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ مفروضوں یا غیر منطقی اور مبہم ترجیحات کی بجائے وسائل کی تقسیم اوراسکے استعمال کیلئے ایک جامع روڈ میپ ہو، جو مکمل طور پر عوامی اُمنگوں کا آئینہ دار ہو۔اس ادراک کوذہن میں رکھتے ہوئے بجٹ تیاری اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر وسائل کی تخصیص کیلئے ایک جامع سروے ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے ہاں سروے کا انعقاد ایک مثبت اقدام ہے، جسکا مقصد لوگوں کی حقیقی مشکلات ، اداروں کی فعالیت، شفاف حکمرانی ، میرٹ پر فیصلہ سازی اورحکومتی امور میں شراکت داری کو یقینی بنانا ہے، یہ سارا عمل عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر اُن کی خواہشات کا عکاس ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں بالخصوص نوجوانوں اور خواتین سے التماس کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس سروے میں اپنی رائے کا بھرپور اظہار کریں تاکہ حکومت عوام کی بہتر انداز میں خدمت کے قابل بن سکے۔