News Details

03/02/2019

.وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہدایت کی ہے کہ صحت پالیسی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیئے ہماری مجموعی کاوشوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ صحت پالیسی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیئے ہماری مجموعی کاوشوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے جس کو سہولیات کی فراہمی کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیر صحت ہشام انعام اﷲ سے خیبرپختونخوا کی صحت پالیسی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیر صحت نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اُنہیں صحت پالیسی کے چیدہ چیدہ نکات پر بریفینگ دی اور دیگر اہم اُمور پر بات چیت کی ۔ وزیراعلیٰ نے صحت پالیسی کے عوام دوست فیچرز کو سراہا تاہم اُنہوں نے واضح کیا کہ پالیسی کا عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ ملنا چاہیئے ۔ صحت کی سہولیات عوام تک پہنچ رہی ہیں یا نہیں اس مجموعی عمل کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار ہونا چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ حکومت نے صحت کے بجٹ میں ٹھیک ٹھاک اضافہ کیا ہے ۔ ڈاکٹروں کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ کیا ۔ ہسپتالوں کو سٹاف اور آلات فراہم کئے ۔ ہماری ان مجموعی کوششوں کا محور عوام ہیں تاکہ اُنہیں صحت کے شعبے میں بلا تعطل معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت ضم شدہ اضلاع میں بھی صحت کے شعبے میں درپیش مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ صحت پالیسی کے مثبت اثرات اور نتائج نئے اضلاع میں بھی نظر آنے چاہئیں ۔