News Details
3/02/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں گیس اور بجلی کی اوربلنگ سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں گیس اور بجلی کی اوربلنگ سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے پیسکو اور سوئی گیس کے حکام کو تنبیہ کی ہے کہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور اوربلنگ سے اجتناب کریں۔ اس کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔آج صوبہ بھر سے عام لوگوں پر مبنی مختلف وفود نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ لوگوں نے خصوصی طور پر پیسکو اور سوئی گیس کے خلاف شکایات کیں کہ وہ زیادہ اور اضافی بلد بھیجتے ہیں جو عوام کے بس میں نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ نے شکایات پر فوری نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو وارننگ دی کہ وہ زیادہ بل بھیجنے سے باز آجائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اووربلنگ کے ذریعے عوام کو مشقت میں ڈالیں اور نہ ہی حکومت کیلئے مسائل پید اکریں ۔ سوئی گیس اور پیسکو کی غفلت ، لاپرواہی اور سرکاری ذمہ داریوں سے صرف نظر کرنے کی وجہ سے عوام پریشان ہیں اور صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو تا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت سوئی گیس اور پیسکو سے قومی اور عوامی خدمات کی بجا آوری کی توقع رکھتی ہے ۔ یہ دونوں ادارے عوام اور حکومت کے سامنے جوابدہ ہیں۔ انہیں چاہیئے کہ اپنا قبلہ درست کرلیں اور مسائل پیدا نہ کریں ۔ انہوں نے پیسکو اور سوئی گیس دونوں اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا احتساب لازمی قرار دیا اور کہاکہ صوبے میں بہتر حکمرانی اور عوامی مشکلات کا حل حکومت کی ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں کسی کو بھی رکاوٹیں ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ غریب آدمی کے مسائل کا حل اور اُسے ہر ممکن ریلیف دینا حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ اداروں کو بھی حکومت کی ترجیحات کا لحاظ رکھتے ہوئے وسیع تر عوامی مفاد میں خدمات کی شفاف انداز میں انجام دہی کا راستہ اپنا نا چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست ،حکومت اور اس کے تمام ادارے عوامی خدمت کیلئے ہی وجود میں آتے ہیںیہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف شروع دن سے اداروں کو اُن کے اصلی دائرہ اختیار کے مطابق فعال بنانے کی کوشش کر رہی ہے