News Details
02/02/2019
.وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر قبائلی اضلاع میں 19 تحصیل میونسپل قائم کی گئی ہیں ۔ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کردیا
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر قبائلی اضلاع میں 19 تحصیل میونسپل قائم کی گئی ہیں ۔ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے قبائلی اضلاع میں سماجی خدمات کے اداروں کو متحرک کرنے اور وہاں متعلقہ محکموں کے دفاتر قائم کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ انہوں نے خصوصی طور پر میونسپل دفاتر کے قیام کی ہدایت کی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے قبائلی اضلاع میں 19 تحصیل میونسپل قائم کر دی گئی ہیں جبکہ چھ سب ڈویژن میں بھی میونسپل دفاتر قائم کئے جارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں محکمہ بلدیات کی طرف سے جاری باضابطہ اعلامیے کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ میونسپل دفاتر کے قیام کے پس پردہ مقاصد کا حصول بھی یقینی بنایا جائے اور قبائلی عوام کو ان کی توقعات کے مطابق خدمات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبائل نے ایک طویل عرصے تک بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے تاہم اب محرومیوں کا دور ختم ہونے کو ہے ۔ ہم اپنے قبائل کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔