News Details

28/01/2019

.وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا چارسدہ روڈ پر 100 بیڈز پر مشتمل آئس/ ڈرگ بحالی سنٹر کا افتتاح

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا چارسدہ روڈ پر 100 بیڈز پر مشتمل آئس/ ڈرگ بحالی سنٹر کا افتتاح وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا آئس /ڈرگ بحالی مرکز ہے جہاں تمام سہولیات ایک چھت تلے دستیاب ہونگے، آئس /ڈرگ سنٹرابتدائی طور پر100بیڈز پر مشتمل ہے ، مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کیلئے فارمیسی بھی قائم کی گئی ہے، مریضوں کو خوراک اور رہائش کی بھی مفت سہولت میسرہوگی، نشے کے عادی افراد کو معزز اور ذمہ دار شہری بنانے کیلئے سنٹر میں مختلف قسم کی فنی تربیت کا اہتمام بھی ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی نے پیرکے روز ڈرگ بحالی سنٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی کامران بنگش، اراکین قومی اسمبلی حاجی شوکت علی، ارباب شیر علی، اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان ، انجینئر فہیم،فضل الہی، ضلع ناظم ارباب عاصم کے علاوہ ضلعی اور ٹاؤن ممبران ومعززین نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ آج ہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسے منفرد مرکز کا افتتاح کر رہے ہیں، جہاں نشے کے عادی مریضوں کو ایک چھت کے نیچے علاج معالجے سمیت تمام ضروری سہولیات میسر ہوں گی ۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو متعدد قانونی ، اصلاحی ، سماجی اور فلاحی اقدامات میں سبقت لے جانے کا اعزاز حاصل ہے ۔ صوبائی حکومت نے اپنے اس اعزاز کو برقرار رکھتے ہوئے آج ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشے کے عادی مریضوں کے علاج معالجے اور بحالی کے مراحل کیلئے علیحدہ پورشن بنایا گیا ہے اور ابتدائی سکریننگ کیلئے معیاری آلات سے آراستہ جدید لیبارٹری قائم کی گئی ہے سنٹر میں داخل شدہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوالیفائیڈ اور پروفیشنل سٹاف مہیا کیا جائے گا ، جس میں ڈاکٹرز ، نرسز ، لیب ٹیکنیشن ، فارماسسٹس اور سائیکالوجسٹ شامل ہیں۔ محمود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نشے کے عادی افراد بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں ،اسلئے ہم سمجھتے ہیں کہ معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح یہ طبقہ بھی ہماری بھر پور توجہ کا مستحق ہے ۔ ہم معاشرے میں آئس اور دیگر ڈرگز کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں اوراس کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ نشے کے عادی افراد اپنی غفلت ، نا سمجھی ، تربیت کے فقدان یا کسی بھی وجہ سے اس جان لیوا سرگرمی میں ملوث ہو جاتے ہیں اور زندگی کے دہارے سے رفتہ رفتہ میلوں دو ر چلے جاتے ہیں ۔ اسلئے یہ حکومت اور فلاحی اداروں کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے صوبائی حکومت نے شیلڑہوم کا افتتاح کیا جہاں سڑک پر رات بسر کرنے والوں کو منتقل کر کے قیام اور طعام کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ جبکہ آج آئس سنٹر/ منشیات بحالی سنٹر کا افتتاح کیا جارہا ہے جس میں آئس ، منشیات سے متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائینگی اور اب آئندہ گداگروں اور نشہ آور افراد کو اس معاشرے کا اہم حصہ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائینگے۔وزیر اعلی نے کہا کہ نشے کے عادی افراد کسی بھی طرح دیگر شہریوں سے کم نہیں اور ان کو مستعد اور توانا شہری بنانے کی غرض سے انڈور اور آوٹ ڈور کھیلوں کی سہولیات اور تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام بھی اسی سنٹر میں کیا گیا ہے۔ محمود خان نے کہا کہ مضر صحت اور نشہ آور اشیا کے تدار ک کیلئے قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔ انٹی نارکاٹکس ایکٹ میں مضر صحت ڈرگز اور آئس وغیر ہ کی خرید و فروخت کے خلاف سخت سے سخت سزائیں رکھنے کی ہدایت پہلے سے کی گئی ہے ۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ نشے کے عادی افراد کے علاج معالجے کے لئے ہسپتالوں میں سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، تاہم نشے کے عادی مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سامنے رکھتے ہوئے ایک علیحدہ اور مخصوص مرکز کا قیام وقت کی اشد ضرورت بن چکا تھا۔ اسی ضرورت کے تحت آج اس سنٹر کا افتتاح کیا جارہا ہے ۔ یہ اپنی نوعیت کا پاکستان بھر میں پہلا منفرد سنٹر ہے ۔انہوں نے کہا یہی عوامی فلاح و بہبود کے کام ریاست مدینہ کے قیام کی جانب صوبائی حکومت کے اہم اقدامات ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اسلامی معاشرے کے قیام کے نظریے کو عملی جامہ پہنائیگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا اگلا قدم حیات آبا د میں بھی آئس/ ڈرگ بحالی سنٹر کا قیام عمل میں لانا ہے جس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان خودکریں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے حلقہ PK-26 کے عوام کو یہ بھی یقین دلایا کہ ان کی محرومیوں کا ازالہ بہت جلد کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ صرف سوات کے وزیراعلیٰ نہیں ہے بلکہ وہ پورے صوبے کے وزیراعلیٰ ہے۔ صوبے کے ہر کونے میں عوام کے فلاح و بہبود اور ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حاجی شوکت علی، ممبر صوبائی اسمبلی آصف ، ضلعی ناظم محمد عاصم خان اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بھی خطاب کیا اور اس سنٹر کی بحالی کے اغراض و مقاصد سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے آئس / ڈرگ بحالی سنٹر پشاور کی تختی کی نقاب کشائی کر کے باقاعدہ افتتاح کیا اور اس سنٹر کی مختلف وارڈز جس میں خواتین کا علیحدہ انتظام موجود ہے کا معائنہ بھی کیا جہاں آئس اور منشیات سے متاثرہ افراد کو علاج و معالجے کی مفت سہولیات فراہم کر کے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے گا۔تقریب میں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ناظم محمد عاصم خان، سیکرٹری سوشل ویلفیئرخیبرپختونخوا، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر جعفر خان کو شیلڈز بھی دیں اس موقع پر ضلعی ناظم پشاور محمد عاصم خان نے وزیراعلیٰ کو سوینئر پیش کیا