News Details
27/01/2019
. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور کیلئے تمام نقائص اور کمزوریوں سے پاک سٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹی پراجیکٹ کی ضرورت پر زور دیاہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور کیلئے تمام نقائص اور کمزوریوں سے پاک سٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹی پراجیکٹ کی ضرورت پر زور دیاہے اور اس سلسلے میں لاہور اور اسلام آباد ماڈلز کا جائزہ لیکر حتمی تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے سیف سٹی پراجیکٹ پشاورکے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی ترجمان و مشیر برائے نئے ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر ، چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری آئی ٹی ، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ، پراجیکٹ ڈائریکٹرسیف سٹی پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام ، اسکی لاگت، مختلف کمیٹیوں، زمین کی نشاندہی، پی سی ون کی نظر ثانی، موجودہ صورتحال اور مستقبل کے حوالے سے سیف سٹی پراجیکٹ کے مکمل پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی منصوبہ پشاور کی تکمیل کیلئے تمام پہلؤوں پر ہوم ورک تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کو سمارٹ سٹی پراجیکٹ پشاور میں تبدیل کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے۔ چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے حوالے سے تمام پہلوؤں اور تجاویز کا مکمل جائزہ لیا جائے اورحتمی تجویز پیش کی جائے۔انہوں نے کے پی آئی ٹی بورڈ کو سیف سٹی پراجیکٹ پشاورمیں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے صوبے میں اپنی نوعیت کا ایک الگ اور بہترین منصوبہ ثابت ہوگا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس کی تکمیل میں کوئی کوتاہی اور ناکامی کا عنصر برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائیگی تاکہ پشاور کے لوگوں کیلئے حقیقی معنوں میں تبدیلی لائی جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پشاور میں امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جا سکے گی، اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔