News Details

23/01/2019

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے چترال ، ملاکنڈ ، سوات، دیر لوئر، دیر اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، گلیات اور ہزارہ کے دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو کل وقتی طور پر ٹریفک کیلئے کھولنے کی ہدایت کی ہے

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے چترال ، ملاکنڈ ، سوات، دیر لوئر، دیر اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، گلیات اور ہزارہ کے دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو کل وقتی طور پر ٹریفک کیلئے کھولنے کی ہدایت کی ہے ۔ آج وزیراعلیٰ نے اپنے دفتر سے برفانی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ٹیلی فون کرکے شاہراہوں او ررابطہ سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمدروفت کیلئے کھلا رکھنے اور ناقابل رسائی علاقوں تک بھی رسائی کے راستے کھلے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سمیت تمام ادارے آپس میں رابطہ رکھیں اور برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر جمع ہونے والی برف کو ہٹانے کیلئے درکار ہیوی مشینری کا استعمال کریں ۔ حکومت ایسے علاقوں میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو کھلا رکھنے کیلئے وسائل اور سپورٹ فراہم کرے گی تاکہ بیمار ، عوام اور سیاحوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند راستے فوری طورپر کھولے جائیں اور وہاں پر پھنسے سیاحوں اور مقامی عوام کو با حفاظت متعلقہ مقام تک پہنچنے میں معاونت کی جائے۔انہوں نے ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے مکان کے منہدم ہونے کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے حکام نے تباہ شدہ مکان کا دورہ کیا ہے اور متاثرہ خاندان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔