News Details
22/01/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری پولیس نے اپنی کارکردگی کی وجہ سے نام کمایا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری پولیس نے اپنی کارکردگی کی وجہ سے نام کمایا ہے۔صوبائی حکومت نے پولیس کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑا ہے۔ہماری حکومت نے پولیس میں ہر قسم کی سیاسی مداخلت کی بیخ کنی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو خود مختاری دی گئی ہے اور پولیس نے سخت حالات میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے جو کہ پولیس اور صوبائی حکومت کیلئے باعث فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے چمکنی پولیس اسٹیشن کے اچانک دورے کے دوران کیا۔ صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے اچانک دورے کے دوران پولیس روزنامچہ، مختلف بیریکس اور حوالات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر روزمرہ چھوٹے بڑے لڑائی جھگڑوں، شکایا ت اور ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے پولیس اہلکاروں نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے حوالات میں مختلف مقدمات میں زیرحراست حوالاتیوں سے بات چیت کی۔وزیراعلیٰ نے پولیس کو حوالاتیوں کے جائز شکایات کا ازالہ کرنے اور قانون کے طریقہ کار کو فالو کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری پولیس نے نامساعد حالات میں صوبے کیلئے اپنی خدمات اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی پولیس اب ایک فائٹنگ فورس بن چکی ہے۔معاشرے میں جرائم کی حوصلہ شکنی اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف اقدامات اُٹھانے میں پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کو آپریشنل اور انویسٹی گیشنل کے شعبوں پر مزید توجہ مرکوز کرنی چاہئیے تاکہ پولیس کی استعداداور پروفیشنل سطح میں مزید بہتری لائی جاسکی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو جرائم کے خاتمے کیلئے ہر ممکن سہو لیات فراہم کی جا ئیں گی تاکہ لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے حوالاتیوں کیساتھ سوالات اور جوابات بھی کئے اور اُنہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل حل کئے جائینگے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اپنی بہتر کارکردگی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کیخلاف ایک فائٹنگ فورس بن چکی ہے۔وزیراعلیٰ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ صوبے میں پولیس کی کارکردگی مثالی رہی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پولیس اپنی کارکردگی اور خدمات کو مزید بہتر بنائے گی اور عام لوگوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ پولیس اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کے دورے کو اپنے لئے حوصلہ افزاء قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے دوروں سے پولیس کے مورال بلند ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔