News Details
17/01/2019
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) میں نئی بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کرنے کیلئے طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) میں نئی بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کرنے کیلئے طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اداروں میں شفافیت کا فروغ پاکستان تحریک انصاف کا منشور اور وژن ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ٹیوٹا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تیرہویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، بورڈ کے اراکین اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بورڈ کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد، آئندہ کے لائحہ عمل اور سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور چند اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ2011 میں نوجوانوں کیلئے سی ایم فری ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت تین مختلف مرحلوں میں 3500 نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ کا ہدف رکھا گیا تھا جسکے لئے 700 ملین روپے مختص کئے گئے تھے۔ مذکورہ ہدف کے تعاقب میں تین مرحلوں میں 3233 نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے جس پر 400 ملین روپے اخراجات آئے ہیں۔ پروگرام کے تحت دوسرے مرحلے میں خواتین کیلئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے بورڈ کی تجویز پر دستیاب رقم سے دوبارہ پروگرام شروع کرنے اور صوبے بشمول نئے قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کیلئے مختصر المدتی ٹریننگ کا انتظام کرنے کی منظوری دی،دستیاب وسائل کے اندر تقریبا 4000 نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جاسکتی ہے۔