News Details
17/01/2019
. وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ ڈی آئی خان میں مردان کی طرز پر ایگریکلچر ریسرچ سنٹر قائم کیا جائے گا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ ڈی آئی خان میں مردان کی طرز پر ایگریکلچر ریسرچ سنٹر قائم کیا جائے گا جبکہ دو انڈسٹریل زونز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ڈی آئی خان کے علاقوں پہاڑپور اور درزندہ میں جاری تیل اور گیس کی دریافت کے عمل کو چار مہینوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی آئی خان میں دو انڈسٹریل زون کا قیام بھی ممکن بنایا جائے گا ۔گومل زام ڈیم کے ورن کنال کے مسائل جلد حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر،وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر علی امین گنڈا پور ،ڈی آئی خان سے دوسرے ایم این ایز اور صوبائی اسمبلی اراکین، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، ڈی جی لوکل گورنمنٹ ، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان اور دیگر متعلقہ اہلکاروں نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں مارخور ٹرافی منعقد کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو ڈی آئی خان بیوٹی فیکیشن منصوبہ، شوگرکین سس فنڈ، ڈی آئی خان نیشنل پارک، چشمہ لفٹ بینک کنال منصوبہ، ڈی آئی خان میں پرائیویٹ شیلٹرہوم، ڈی آئی خان سیف سٹی منصوبہ، شوگر کین گروورز سبسڈی مسئلہ، صحت ، تعلیم اور دیگر مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گومل زام ڈیم سے ورن کنال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ااس سے 80 ہزار ایکڑ زرعی زمیں کو پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں نیشنل پارک کی تعمیر سے بھی اصولی اتفاق کیا۔ انہوں نے سی پیک سے جڑے منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کا عندیہ دیا ۔ وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان کے علاقہ درزندہ میں زیتون کے پودے کی شجرکاری مہم سے بھی اصولی اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کنال منصوبے پر عمل درآمد کیلئے وفاق اور صوبے کے درمیان رابطے کو تیز کیا جائے گا انہوں نے عندیہ دیا کہ اگلے PSDP سے اس منصوبے کی منظوری ممکن بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں پرائیویٹ شیلٹرہوم کے قیام کے حوالے سے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اس میں ہر ممکن مدد کرے گی۔انہوں نے ڈی آئی خان بازار میں بس اڈہ کی منتقلی کے لئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مین بازار میں ٹریفک کے مسئلے حل ہوسکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کیا جائے۔ وزیراعلی نے ڈی آئی خان میں ڈونرز کی مدد سے سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کرنے کی بھی تائید کی۔ شوگرکین گرؤرز کی سبسڈی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں کیٹگری ڈی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے متعلقہ سیکرٹری کو تجویز بھیجنے کی بھی ہدایت کی اور تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی دستیابی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیم کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں میٹھے پانی کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے ٹیوب ویل، گراؤنڈ ٹینکی، سبیلیں اور کمیونٹی ٹینکیوں کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ کل وقتی طور پر حل ہوسکے۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ میں ٹیکنیکل سٹاف کی جلد فراہمی ممکن بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے زرعی توسیع کے حوالے سے کہا کہ ڈی آئی خان میں کمرشل زمین کو مزید ڈیویلپ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے ہوم ورک کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈی آئی خان میں کچے کے علاقے کو سیلاب کی آفات سے بچانے کیلئے ایک جامع پلان مرتب کیا جائے اس ضمن میں متعلقہ محکمہ مکمل پلان پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں کو فنڈز کی فراہمی جلد ممکن بنائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ صوبے کے تمام ڈویژن اور اضلاع میں یکساں ترقیاتی کاموں کی تکمیل ممکن بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس صوبے میں کافی پوٹینشل موجود ہے اور صوبائی حکومت ان پوٹینشلز کو بروئے کار لاکر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی