News Details
15/01/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاورکا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اہلکار اپنا قبلہ درست کریں ۔آئندہ رعایت نہیں ہو گی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاورکا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اہلکار اپنا قبلہ درست کریں ۔آئندہ رعایت نہیں ہو گی ۔عوام کو سرخ بتی کے پیچھے لگانے والے تحصیلیداروں اور سرکاری اہلکاروں نے عوام کو مایوسی اور حکومتی مشینری سے متنفر کیا ہے۔ عوام کو سبز باغ دکھانے کی بجائے ان کی عملی خدمت یقینی بنائے ورنہ حکمرانی کے پورے سٹرکچر میں سے ایسے عناصر نکال باہر کئے جائیں گے ۔ وہ عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی یعنی ہوم بیسڈ ڈیلیوری آف سروسزکے افتتاح کے بعد خطاب کررہے تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی حکومت کی جانب سے پشاور کے عوام کیلئے ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی یعنی ہوم بیسڈ ڈیلیوری آف سروسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی کامران بنگش، ڈسٹرکٹ ناظم پشاور ارباب عاصم، اراکین صوبائی اسمبلی، ضلعی ناظمین ، ضلعی ممبران ، کمشنر پشاور ،ڈپٹی کمشنر پشاوراور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو معیاری خدمات اور سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ۔ اس ضمن میں ہوم بیسڈ ڈیلیوری آف سروسز یقیناًایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا اور خصوصاً ضلع پشاور کے عوام کیلئے اس سروسز کا اجراء غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہوم بیسڈ ڈیلیوری آف سروسز سے زمین کے انتقالات ، فردات کے اجراء ، ڈومیسائل کے مسائل اور دیگر خدمات کے سلسلے میں عوام کو درپیش دیرینہ مشکلات کا مستقل ازالہ ممکن بنایا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت عام آدمی کو خدمات کے حصول میں درپیش مشکلات کے خاتمے اور سرکاری اداروں کے جوابدہی کے ضمن میں عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کے ساتھ جو وعدے اور اعلانات کئے ہیں اس پر من و عن عمل کیا جائے گا ۔انہوں نے صوبے کے تمام تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ انتقالات کے عمل کو عوام کیلئے سہل بنائیں اور جو بھی تحصیلدار اس ضمن میں کوئی رکاوٹ یا مشکلات پیدا کرے گا اسکے خلاف تادیتی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام کو اُن کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی یعنی" ہوم بیسڈ ڈیلیوری آف سروسز" کو ممکن بنادیا گیا ہے جو کہ صوبائی حکومت کیلئے باعث فخر ہے۔ اس اہم کامیابی پر ضلعی انتظامیہ پشاور بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے شروع دن سے عام آدمی کی سہولت کیلئے کا م شروع کیا ہے ۔ ہم صر میٹنگ ، جلسوں اور فائلوں کی حد تک عوامی فلاح پر یقین نہیں رکھتے ۔ بلکہ عملی اور نظر آنے والے اقدامات کے قائل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا وژن اور مشن ہے کہ عوام کی فلاح کیلئے ایسے ٹھوس اقدامات کئے جائیں جو عوام کو نظر آئیں، عوام کے مسائل کا دیر پا حل دیں ، عوام کی تکلیف کا مداوا کریں اور عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لے کر آئیں۔ ہم نے اپنے اس عزم پر کبھی پہلے سمجھوتہ کیا اور نہ آئندہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی صوبائی حکومت ہے جس نے اقتدار میں آتے ہی خود کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا ہے ۔ اس مقصد کیلئے درجنوں قوانین اور ادارے بنائے گئے ہیں۔ 2013 میں اطلاعات تک رسائی کا قانون (آر ٹی ایس ) نافذ کیاتاکہ عوام سے کوئی بھی سرکاری امر پوشیدہ نہ رہے ۔اُس کے بعد خدمات تک رسائی کا قانون نافذ کیاتاکہ عوام کو ضروری خدمات کے شفاف حصول میں کوئی رکاوٹ نہ رہے ۔ ہم نے اداروں کو قواعد و ضوابط کا پابند بنایاہے ۔ذاتی پسند و ناپسند ، اقرباء پروری اور رشوت خوری کے خلاف اقدامات کئے تاکہ ادارے صحیح معنوں میں غریب عوام کی خدمت کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا پٹوار سسٹم ، زمین کے معاملات نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان بھر کا ایک دیرینہ مسئلہ رہا ہے ۔صوبائی حکومت اس سلسلے میں بھی عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ تھی اور خاموش نہیں رہی ہے۔ہم نے صوبے میں لینڈر یکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا پلان بنایاہے اور ابتدائی طور پر ضلع مردان میں اس عمل کا کامیاب تجربہ بھی کیاہے۔ اس منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن پشاور نے مستعدی اور عوام دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے اس مشکل کام کو مکمل کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے زمین کے معاملات اور دیگر خدمات کی فراہمی کے عمل میں عوام الناس کی سہولت، جدت اور شفافیت کی طرف ایک عملی قدم ہے۔اب عوام الناس کو اس شعبے میں خدمات حاصل کرنے کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس نظام کے تحت عوام کو گھر کی دہلیز پر ڈومیسائل کا اجراء کیا جائے گا۔ اسی طرح فردات کیلئے بھی عوام کو دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے ۔ زمین کے انتقالات میں رشوت ستانی کے آگے ایک مضبوط دیوار کھڑی کر دی گئی ہے ۔ اب انتقالات کے چالان کی بذریعہ پوسٹ آفس گھر گھر فراہمی کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ سائل ٹیکس چالان براہ راست بینک میں خود جمع کروائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتقالات میں فراڈ اور غیر ضروری کاروائیوں سے بچنے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا اجراء بھی کیا جا رہا ہے ۔ اب انتقال کے وقت کا تعین سائل کی اپنی مرضی سے ہو گا۔ اس سلسلے میں تمام تحصیلداروں نے اپنے فیس بک پیج ، تحصیل دفاتر اور دیگر اہم مقامات پر دورہ جات کا سالانہ شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔ تحصیلیداروں کے دورہ جات کی کاروائی کو شفاف بنانے کیلئے ویڈیو کانفرنس اور فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ زمین کے معاملات کو جلد ی حل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں ریونیو سیل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ تمام اقدامات نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کی تاریخ میں منفرد اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ صرف اس خدمت کے افتتاح پر ہی اکتفا نہیں کرے گی بلکہ اس کو عملی جامہ بھی پہنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کو صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔اس موقع پر ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے مسائل کا مقامی سطح پر حل ضلعی حکومت کی ترجیح ہے۔ ضلعی حکومت عوام کو مسائل کی دلدل سے نکال کردم لے گی۔ ہم سسٹم کو شفاف بنائیں گے اور میرٹ اور عوام دوست فیصلوں کو پروان چڑھائیں گے۔