News Details
13/01/2019
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے 12 مختلف اضلاع سے 171 یتیم بچوں کو زمونگ کور پشاور میں جلد سے جلد شفٹ کیا جائے گا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے 12 مختلف اضلاع سے 171 یتیم بچوں کو زمونگ کور پشاور میں جلد سے جلد شفٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ زمونگ کور پشاور میں ان یتیم بچوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور خصوصاً ان کی تعلیم اور خوراک پر فوکس کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پناگاہوں کی توسیع کے علاوہ زمونگ کور منصوبے کی بھی دوسرے اضلاع تک توسیع بہت جلد ممکن بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ زمونگ کور منصوبے پر صوبائی حکومت کام کر رہی ہے تاکہ اس کو ایک ادارے کی شکل دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت یتیم اور بے سہارا لوگوں خصوصاً یتیم بچوں کیلئے تمام تر سہولیات ممکن بنائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں خپل کور فاؤنڈیشن سوات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی، ایم این اے شاد محمد، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر، ایس ایس یو کے ہیڈصاحبزادہ سعید،سیکرٹری سوشل ویلفیئر ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرارخان، ڈائریکٹر خپل کور فاؤنڈیشن سوات محمد علی شاہ، خپل کورفاؤنڈیشن کے دیگر اراکین اور انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو خپل کور فاؤنڈیشن سوات کے قیام، اس کے طریقہ کار اور سوات میں یتیم بچوں کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ ڈائریکٹر خپل کور فاؤنڈیشن نے اجلاس کو بتایا کہ فاؤنڈیشن میں 3404 یتیم طلباء زیر تعلیم ہیں اور ادارہ ان میں مستحق یتیم بچوں کو دو ہزار روپے ماہانہ بھی دیتا ہے۔ اجلاس نے وزیراعلیٰ کو فاؤنڈیشن کے انتظامی ڈھانچہ کے بارے میں بریفینگ دی گئی اور سوات میں 100 یتیم بچوں کیلئے خپل کور ویلج( گل کدہ سوات )کے مقام پر قیام کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خپل کور فاؤنڈیشن کو چترال، دیر اپر اور دیر لوئر میں بھی توسیع دی جائے گی ۔ اجلاس نے حکومت سے خپل کور ویلج کے قیام اور ادارے کے دیگر فلاحی کاموں میں مدد کی اپیل کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خپل کور فاؤنڈیشن سوات کے حکام کواس فلاحی کام کی انجام دہی پر سراہا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا وژن بھی ہے کہ کمزور اور بے سہار الوگوں کو اوپر لائے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت اس طرح کے فلاحی اداروں کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ یہی حب الوطنی ہے اور اس طرح کے فلاحی کاموں سے ہی عظیم قومیں بنتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح یتیموں کی خدمت سے معاشرہ انصاف کی فراہمی کی طرف بڑھتا ہے اور اس میں آخرت کی کامیابی بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خپل کور فاؤنڈیشن کے حکام کے ساتھ مل بیٹھ کر پشاور میں زمونگ کور منصوبے کو بھی مزید بہتر اور ایک ادارے کی طرز پر بنایا جائے گا۔ انہوں نے ڈائریکٹر خپل کور فاؤنڈیشن سوات کو اس طرح کے فلاحی کاموں پر بہت سراہا۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا کہ خپل کور ویلج فیزII کے سنگ بنیاد کیلئے وہ خود آئیں گے اور اپنے ہاتھوں سے اس کا افتتاح ممکن بنائیں گے ۔ اجلاس نے وزیراعلیٰ کو لاچی درخت کی زیادہ پلانٹیشن کی وجہ سے پانی کی کمی کے حوالے سے بھی بتایا اورکہا کہ مستقبل میں ایسے پودوں کے لگانے سے پانی کی کمی لاحق ہو سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مسئلے پر متعلقہ محکمے سے مکمل اور تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت خپل کور فاؤنڈیشن سوات کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پہلے سے یتیم اور بے سہار ابچوں کیلئے اقدامات اُٹھا چکی ہے اور مزید اقدامات اُٹھائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پناہ گاہوں کے ساتھ ساتھ زمونگ کور منصوبے کو بھی دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی تاکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی بے سہارا اور یتیم بچوں کو تعلیم اور صحت کے بہتر مواقع میسر آئیں۔