News Details

09/01/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا اچانک دورہ کیا ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا اچانک دورہ کیا ۔انہوں نے کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور غیر حاضر ڈاکٹر اور دیگر عملے کو فوری طور پر برطرف کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ آج حیات آباد کے مختصر دورے کے دوران اچانک حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچے جہاں انہوں نے خدمات کی فراہمی کے مجموعی سسٹم کا معائنہ کیا ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ،ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم اور دیگربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کمپلیکس کے میڈیکل وارڈ ، ایمرجنسی وارڈ، ایم آر آئی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا ، لوگوں سے ملے اور اُن کے مسائل دریافت کئے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر پر چی سسٹم اور ادویات کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ مختلف ہسپتالوں کے وقتاً فوقتاً دورے کر رہے ہیں تاکہ سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے ۔ یہ ایک کل وقتی سسٹم ہونا چاہیئے۔ کمزوریاں دور کی جائیں اور غریب عوام کو معیاری علاج معالجہ کی سہولیات دی جائیں۔ اس سلسلے میں غفلت ناقابل برداشت ہو گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت وسائل خرچ کرتی ہے تو اس کا فائدہ بھی عام آدمی کو ملنا چاہیئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہسپتالوں میں خدمات کی فراہمی کا پورا سسٹم سٹریم لائن ہونا چاہیئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ہسپتال میں زیر استعمال جدید آلات ، سہولیات اور معیار کے حوالے سے بریفینگ دی گئی اور ہسپتال کے انٹرنل انفارمیشن سسٹم سے بھی آگاہ کیا گیا جس کو وزیراعلیٰ نے سراہاتاہم انہوں نے کہاکہ یہ تمام سہولیات اُسی صورت میں فائدہ مند ثابت ہو ں گی جب عملہ خود بھی ذمہ دار اور جوابدہ ہو گا۔ اسلئے عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے اور غریب مریضوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیئے۔