News Details

28/12/2018

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے زیر تعمیر بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کو ٹائم لائن کے اندر ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے زیر تعمیر بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کو ٹائم لائن کے اندر ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے منصوبے پر کام کی پیشرفت میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور تنبیہ کی کہ منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں دی گئی ڈیڈ لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بی آرٹی کے تمام سٹیشنز پر بیک وقت کام جاری رکھنے اور تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔یہ بلاشبہ صوبائی حکومت کا اہم منصوبہ ہے تاہم اس میں تاخیر کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ متعلقہ حکومتی ادارے ، کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹرز سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور متفقہ نظام الاوقات کے مطابق منصوبے کی تکمیل یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں بی آر ٹی پر پیش رفت کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر برائے خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر، چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر ، ڈی جی پی ڈی اے ، کنسلٹنٹس ، ٹھیکیداروں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بی آر ٹی کے مختلف فیڈرروٹس اور فلائی اوورز میں کام کی پیشرفت کے حوالے سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی منصوبے کا سول ورک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور بہت جلد مکمل ہو جائے گا ۔تمام بس سٹیشنوں میں انٹیلی جنس ٹرانسپورٹیشن سسٹم بھی بہت جلد نصب کردیا جائے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے میں حائل تمام مسائل حل کئے گئے ہیں اور اب اس منصوبے کی تیز رفتار تکمیل کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں۔ تمام سٹیشنوں پر ورک فورس مہیا کی جا چکی ہے تاکہ کہیں پر بھی کام سست روی کا شکار نہ ہو ۔ تمام فیڈرز روٹس کو بھی مقررہ وقت تک مکمل کیا جائے گا۔ بی آرٹی مین کوریڈور کو جلد تکمیل کے بعد ٹرانس پشاورکو حوالے کیا جائے گا۔ اجلاس کو یقین دلایا گیا کہ بی آر ٹی منصوبہ مقررہ وقت تک فنکشنل ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت بی آر ٹی منصوبے میں مزید کوئی تاخیر برداشت نہیں کرے گی ۔ ہم نے عوام کو اس منصوبے سے جو تکالیف اور مسائل کا سامنا ہے، سے جلد چھٹکارا دلانا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے اس منصوبے کی تکمیل اور اس سے پیداشدہ مسائل میں نہایت معاونت اور بردباری کا مظاہرہ کیا ہے لہٰذا صوبائی حکومت نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ اب اس منصوبے کو لوگوں کیلئے جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اور اس سے جڑی تمام سہولیات لوگوں کو فراہم کی جائیں گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت ہر حال میں اس منصوبے کی جلد تکمیل چاہتی ہے اور صوبائی حکومت اس کی تکمیل کیلئے ہر قسم کی معاونت اور مدد فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی ۔ اس منصوبے سے پشاور شہر میں ٹریفک کے گھمبیر مسئلے سے کل وقتی طور پر چھٹکارامل جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت بی آر ٹی منصوبے پر کام کی رفتار کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرے تاکہ منصوبے پر کام کی رفتار میں تیزی لائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی حکومت کہ بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل میں مزید کوئی سست روی و تاخیر برداشت نہیں کرے گی اور مقررہ وقت تک کوریڈور بشمول تمام فیچرز مکمل ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم عمران خان بھی اس منصوبے کی تیز رفتار تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور دوسری طرف پشاور کے شہری بھی منصوبے کی جلد تکمیل چاہتے ہیں کیونکہ اس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ اپنی نوعیت کاایک اہم منصوبہ ہے جو پشاور کی ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل ہو گا اور پشاور کی خوبصورتی میں بھی خاطر خواہ اضافے کا موجب ہو گا۔