News Details
22/12/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوشل میڈیا پر کر ک ڈسٹرکٹ ہسپتال کے کلاس فورملازم کی آپریشن تھیٹر میں مریض کا آپریشن کرنے کے واقعے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے کلاس فور ملازم کوبرطرف کرنے کی ہدایت کی
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوشل میڈیا پر کر ک ڈسٹرکٹ ہسپتال کے کلاس فورملازم کی آپریشن تھیٹر میں مریض کا آپریشن کرنے کے واقعے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے کلاس فور ملازم کوبرطرف کرنے کی ہدایت کی اور وزیر صحت کو متعلقہ ہسپتال کی انتظامیہ بشمول ذمہ داران کے خلاف تفصیلی انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے اور اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں غفلت کا ارتکاب کرنے والے سزا سے نہیں بچنے چاہیئے ۔ ماضی میں جو غلط کام ہوئے ہیں جس جس حد تک غفلت اور کوتاہی کا ارتکاب ہوا ہے اس کی حوصلہ شکنی اور سدباب ہونا ضروری ہے ۔ ہماری حکومت عوام کی صحت اور اُن کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ کرنے والی نہیں۔ ہمیں غریب عوام نے اپنے حقوق اور مفاد کیلئے چنا ہے۔ ہم اپنی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ سرکاری ادارے کسی فرد کیلئے نہیں یہ عوام کی فلاح کیلئے ہوتے ہیں۔ یہ پیغام واضح اور سب تک پہنچنا چاہیئے کہ سزا و جزا کے عمل میں مکمل انصاف اور دادرسی ہو گی ۔غفلت پر سزا ہو گی ۔