News Details

22/12/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں شیلٹرہومز قائم کرنے کے حکومتی فیصلے پر تیز رفتار عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس مقصد کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں شیلٹرہومز قائم کرنے کے حکومتی فیصلے پر تیز رفتار عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس مقصد کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوں نے زکوۃ کونسل کی جلد تشکیل نو کرنے اور وسائل کا مستحقین کی فلاح و بہبود میں استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو شیلٹر ہومز میں مہمانوں کی دیکھ بھال کے انتظامات ، زکوۃ فنڈز کے استعمال ، صحت انصاف کارڈ اور دیگر اُمور پر تفصیلی بریفینگ دی ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے لئے قائم مراکز بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ،علاج معالجے کے مرکز میں بیک وقت چالیس افراد کے علاج کی سہولت موجود ہو گی ۔ ویمن کراسسز سنٹر کی مرمت اور اُس میں سہولیات کی فراہمی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ وزیراعلیٰ نے ویمن کراسسزسنٹرز ، نشے کے عادی افراد کے علاج و بحالی کے مراکز ، فوڈ اتھارٹی اوریونٹ پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ(پی ایم آریو) کا دورہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے متعلقہ مراکز میں تما م تر سہولیات یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔اُنہوں نے کہاکہ پجگی شیلٹر ہوم کو دیرپا بنیادوں پر استوار کیا جائے گاجس کا اپنا بورڈ ہو گااور جو مستقبل میں خود ہی وسائل جمع کرے گا۔ اس کے لئے ایک باضابطہ قانون متعارف کرایا جائے گا۔ اُنہوں نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی مناسب اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہاں شیلٹر ہومز کا قیام عمل میں لایا جا سکے ۔ اُنہوں نے زکوۃ فنڈ سے یتیم بچوں کیلئے سکول فیس اور یونیفارم کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اُنہوں نے زکوۃ کونسل کی جلد ازجلد تشکیل نو کی بھی ہدایت کی ۔