News Details

12/12/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر حلقے کے سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی اور کمی کو فوراً پورا کیا جائیگا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر حلقے کے سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی اور کمی کو فوراً پورا کیا جائیگا اسطرح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں عملے کی حاضری اور ڈاکٹروں کی کمی کو بھی بہت جلد پورا کیا جائے گا۔ ہر حلقے کے ایم پی اے کو فنڈ کی فراہمی بھی بہت جلد ممکن بنائی جائے گی جس کے لئے پہلے سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایریگیشن ، سی ایند ڈبلیو اور دیگر محکموں کو عوامی فلاحی کاموں کیلئے بھی اضافی فنڈز کا اجراء بہت جلد ممکن بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان باتوں کا اظہارچارسدہ سے آئے ہوئے ایک وفد جسمیں ایم پی اے عبدالشکور خان اور ایم پی اے عارف احمد زئی کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤ س پشاور میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے حلقے کے حواے سے مختلف نوعیت کے مسائل سے آگاہ کیا جس میں سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا ، چارسدہ کے چھوٹے ہسپتالوں خاص کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چارسدہ میں عملے اور ڈاکٹر کی تعیناتی کرنا ، اپنے اپنے حلقے میں تعلیم ، صحت ودیگر ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کے اجراء کے مسائل زیر بحث آئے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ ہر حلقے کو بہت جلد اپنا اپنا حصہ پورا ملے گا، انہوں نے کہا کہ ایم پی ایز کا تمام محکموں کے سربراہوں کے ساتھ بہت جلد ایک اجلاس منعقد کیا جائیگا جس میں ہر ایم پی اے اپنے حلقے کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ محکمے سے گفت و شنید کرے گا، انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی مسائل ہر حلقے میں ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور ہسپتالوں میں بورڈ آف گورنر ز کیلئے ایک لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں بورڈ آف گورنر زکے لئے ایک ماڈل بنایا جائے گا اور اس پر ہوم ورک کر کے عوامی مسائل کے تدارک کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول اور ہسپتالوں میں کلاس فور کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی اور مستحق افراد کو ان کے حصے کے مطابق روزگاربھی مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دوبارہ تخصیص کے بعد بہت جلد تمام ایم پی ایز کو فنڈز کا اجراء ممکن بنایا جائے گا۔