News Details
02/12/2018
حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اجمل وزیر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے واویلا مچا رہی ہے
حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اجمل وزیر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے واویلا مچا رہی ہے۔سو روزہ پلان پر تنقید سے اپوزیشن کی بوکھلاہٹ نظر آرہی ہے۔ن لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل کاا ظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ احتسابی چھری تلے آکر اپوزیشن کے اوسان خطا ہو گئے ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر کے دم لے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان مثالی ویژن رکھنے والے حقیقی عوامی لیڈر ہیں اور ان کی زیر قیادت سو روزہ اصلاحاتی پیکج پر عمل در آمد سے پاکستان ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔انہوں نے مریم اورنگزیب کو مشورہ دیا کہ وہ حقائق کو مدنظر رکھیں بلا وجہ چیخنے چلانے سے کچھ نہیں ہو تا۔اجمل وزیر نے کہاکہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلا کر رکھ دی ہے۔موجود ہ حکومت کا سب سے اہم کارنامہ ملک سے کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ کرنا ہے۔ریاست کرپٹ عناصر سے پاک ہو گی تو تمام شعبوں میں سدھار آجائیگا۔خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کے حوالے سے ترجمان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محمود خان ایک باہمت اور پر عزم لیڈر ہے جن کی قیادت میں صوبے میں تعمیر و ترقی کے عمل کو کامیابی سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔تعلیم صحت اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں اور سیاحتی مقامات کی ترقی سے جلد ہی دنیا بھر کے سیاح یہاں کا رخ کر یں گے جس سے ملک کی معیشت بہتر ہو گی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔