News Details
28/11/2018
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شیلٹر ہومز کیلئے پشاور میں پہلے سے دستیاب مراکز میں چار دسمبر 2018تک تمام ضروریات و سہولیات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شیلٹر ہومز کیلئے پشاور میں پہلے سے دستیاب مراکز میں چار دسمبر 2018تک تمام ضروریات و سہولیات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا ہے کہ مذکورہ شیلٹر ہومز کا دس دسمبر سے پہلے با ضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔افتتاح کیلئے وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کریں گے ، عمران خان مذکورہ دورہ کے دوران حیات آباد میں صوبائی حکومت کے تیار کردہ برن سنٹر کا افتتاح بھی کریں گے، وزیر اعلیٰ نے پشاور میں تین نئے شیلٹر ہومز کے قیام کیلئے سمری بھی جلد بھیجنے کی ہدایت کی۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں شیلٹر ہومز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ، سیکرٹری سوشل ویلفئیر، سیکرٹری اوقاف اور کمشنر پشاور نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے پشاور میں شیلٹر ہومز کیلئے پہلے سے دستیاب چار مراکز میں 4 دسمبر تک تمام ضروریات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مذکورہ مراکز میں 430 کے قریب بے گھر افراد کو رات کے قیام کی سہولت دینے کی گنجائش ہو گی۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ مذکورہ مراکز کو 10 دسمبر سے پہلے بے گھر افراد کیلئے کھول دیا جائے گا اور کہا کہ مراکز کے افتتاح کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مدعو کیا جائے گا جس کے دوران وزیراعظم حیات آباد میں تیار برن سنٹر کا افتتاح بھی کرینگے۔وزیراعلیٰ نے بے گھر افراد کی سہولت کیلئے پشاور کے گنجان آباد علاقوں میں 3 بسیں چلانے کی بھی منظوری دی۔مذکورہ بسیں مسافروں اور دیگر بے گھر افراد کو رات کے قیام کیلئے فقیر آباد اور پجگی روڈ پر واقع شیلٹر ہومز میں لے جانے کیلئے استعمال کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ شیلٹرز ہوم میں قیام پذیر افراد کیلئے خوراک کا انتظام بھی کیا جائے۔انہوں نے ورکنگ وومن کے ہاسٹل کیلئے مجوزہ جگہوں میں سے مناسب ترین جگہ کے تعین کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے گداگری کے حوالے سے قانون میں نظر ثانی پر پیش رفت بھی طلب کی جس پر بتایا گیا کہ گداگری کے حوالے سے مذکورہ قانون نظر ثانی کیلئے محکمہ قانون خیبرپختونخوا کو بھیجا جا چکا ہے۔وزیر اعلیٰ نے قانون کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر منشیات کے عادی افراد کیلئے پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں بیڈز مختص کرنے کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر پیش رفت طلب کی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر بڑے ہسپتال میں کم از کم دس بیڈز مختص ہونے چاہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ محکمہ نشے کے عادی افراد کو ہسپتالوں کو ریفر کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ہر قسم ریلیف دینے کیلئے تمام تر ممکن وسائل کو بروئے کار لائیگی اور غریب عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بے گھر افراد کیلئے شیلٹر ہومز کے قیام کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔