News Details

27/11/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور کے صحافیوں کیلئے رہائشی منصوبے کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے جگہ کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور کے صحافیوں کیلئے رہائشی منصوبے کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے جگہ کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، انہوں ے پشاور پریس کلب کی تین منزلہ عمارت کی تعمیر سمیت سابق صوبائی حکومت کے صحافی برادری سے کئے گئے وعدوں پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، سیکرٹری اطلاعات قیصر عالم کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کے دیگر اراکین میں صوبائی حکومت اور پشاور پریس کلب کے نمائندے شامل ہیں، کمیٹی پریس کلبوں کی درجہ بندی اور مختلف درجوں کے پریس کلبوں کو سالانہ گرانٹ کی فراہمی کا بھی جائزہ لے گی اوراس سلسلے میں جلد جامع رپورٹ پیش کرے گی۔وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پشاور پریس کلب کے صدر ، کابینہ کے اراکین اور اور سینئر صحافیوں کے مشترکہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر بھی موجود تھے ۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو سابق صوبائی حکومت کے کئے گئے وعدوں سے آگاہ کیا اور اُن پر تیز رفتار عمل درآمد کا مطالبہ کیا جن میں پشاور پریس کلب کے اراکین کو پلاٹس کی فراہمی ، پشاور کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ اور صوبہ بھر میں مختلف پریس کلبوں کی از سر نو درجہ بندی وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات نے بھی وزیراعلیٰ کو ورکنگ جرنلسٹس کے مطالبے کی قانونی حیثیت سے آگاہ کیا اور کہاکہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت صحافی براداری کیلئے ہاؤسنگ سکیم کیلئے مناسب جگہ کی نشاندہی کی کوشش کر چکی ہے ۔ اُنہوں نے ماضی میں مختلف پریس کلبوں کی درجہ بندی کے عمل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پریس کلبوں کی درجہ بندی کیلئے مجموعی پالیسی فریم ورک کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ پریس کلبوں کے سائز اور ممبر شپ کے مطابق مختلف پریس کلبوں کو یکساں سالانہ گرانٹ مہیا کی جا سکے ۔ اُنہوں نے صحافی برادری سے کئے گئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے وعدوں پر ہر حال میں عمل درآمد یقینی بنانے کا یقین دلایا اور کہاکہ یہ حکومت صحافیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے گی کیونکہ اس صوبے کی صحافی برادری نے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں بڑی تکالیف برداشت کی ہیں۔ اُنہوں نے کمیٹی کو صحافیوں کو درپیش مسائل کے تیزرفتار حل اور اُنہیں کام کرنے کیلئے بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے صاف اور واضح طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ وہ جلد پشاور پریس کلب کا دورہ کریں گے اور پلاٹس کی فراہمی ، سالانہ گرانٹ میں اضافے ، پریس کلب پشاور کی نئی عمارت کی تعمیر اور دیگر مراعات جن کا پہلے سے وعدہ کیا جا چکا ہے ، کا باضابطہ اعلان کریں گے ۔ وفد نے دیرینہ مسائل کے ازالے کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ قبل ازیں اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کفایت شعاری مہم جاری رکھے گی ، سخت مالی نظم و ضبط کے ذریعے صوبائی خزانہ کی ایک ایک پائی عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی ۔وسائل کا ضیاع ہر گز نہیں ہو گا اور کفایت شعاری مہم کے ذریعے حاصل ہونے والے وسائل پیداواری شعبوں کو منتقل کئے جائیں گے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے استعمال کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے یقین دلایاکہ معاشرے کے کم آمدنی والے غریب لوگوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور حکومتی وسائل کا بڑا حصہ ان لوگوں کو خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت پہلے سے ایک جامع پلان بنا چکی ہے جو وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنائے گاتاکہ ترقیاتی حکمت عملی میں ہر علاقے کو مساوی حصہ مل سکے ۔ اُنہوں نے منتخب عوامی نمائندوں سے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں زیر تعمیر منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں تاکہ کام کے معیار اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ اُن کی حکومت عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی اور عوام کی توقعات کے مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔