News Details

12/11/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ سیدو میڈیکل کالج اور سیدو ٹیچنگ ہسپتال کو ایمرجنسی بنیادوں پر اپ گریڈ کیا جائے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ سیدو میڈیکل کالج اور سیدو ٹیچنگ ہسپتال کو ایمرجنسی بنیادوں پر اپ گریڈ کیا جائے کیونکہ یہ نہ صرف سوات بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویثرن کی اہم ترین طبی ضروریات بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سوات اور سیدو ٹیچنگ ہسپتال کو عوامی مفاد کی خاطر الگ حیثیتوں میں برقرار رکھا جائے۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات کے بعض میگا پراجیکٹس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔جن میں سیدو ٹیچنگ ہسپتال ،سوات ڈسٹرکٹ ہسپتال ، سیدو میڈیکل کالج، مدین ہسپتال، سوات جیل، کبل ہسپتال، مالم جبہ روڈ شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس کے دوران سوات میں صحت کے کئی اہم مسائل کی نشاندہی بھی کی اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اجلاس میں صوبے کے متعلقہ انتظامی سیکرٹریز ، سوات سے منتخب ایم پی اے اور چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان ، وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ،آئی جی جیل خانہ جات ، چیئرمین سیدو ہسپتال سوات ڈاکٹر اسرار الحق، ایم ایس سیدو ہسپتال، ایم ایس کڈنی ہسپتال ، ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،سیکرٹری منصوبہ بندی پشاور شہاب علی شاہ و دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ کو سوات میں صحت ، تعلیم و مواصلات سے متعلق جاری کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جن پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو جلد از جلد یہ سہولیات میسر آ سکیں۔ سوات کے محکمہ صحت کے حکام نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ سیدو ٹیچنگ ہسپتال کی تعمیر کا کام 85 فیصدمکمل ہو چکا ہے باقی ماندہ 15فیصدکام مکمل کرنے کیلئے فنڈز درکار ہیں تاکہ اس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس باقی ماندہ تعمیر کیلئے جلد سے جلد فنڈز مہیا کئے جائیں ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیدو میڈیکل کالج سوت اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور اسکی اپ گریڈیشن کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ صحت کے معاملے میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور یقین دلایا کہ حکومت ہر ضلع کیلئے ایک مکمل اور جامع ترقیاتی پیکج دینے کو حتمی شکل دے رہی ہے ۔