News Details

12/11/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آج ہم پولیو فری پاکستان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں،

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آج ہم پولیو فری پاکستان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، 2014میں پولیو کے 68کیسز رپورٹ ہوئے تھے، موجودہ حکومت کی کوششوں سے اب صرف ایک پولیو کیس پشاور میں سامنے آیا ہے جو کہ ہزار خوانی یونین کونسل سے رپورٹ ہوا ہے۔لیکن ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور پورے ملک کو پولیو فری بنائیں گے اور اسی طرح اپنے بچوں کی جسمانی صحت کا تحفظ اور اس مرض سے اپنی آنے والی نسلوں کو مکمل طور پر تحفظ دلانے میں کامیاب ہو جائیں گے ،وہ ہزار خوانی پشاور میں ایم پی اے حاجی فضل الہٰی کے حجرے میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے انسداد پولیو مہم اور علاقہ ہزار خوانی میں ریسکیو 1122 سب آفس کا افتتاح بھی کیا۔ اجتماع سے دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا جن میں ایم پی اے حاجی فضل الہٰی اوروزیراعلیٰ کے مشیر بابر خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بچے پولیو کی وجہ سے جسمانی معذوری کا شکار ہوئے تو بحیثیت قوم پولیو کا خاتمہ ہمارے لئے ایک چیلنج بن چکا تھا، صوبائی حکومت نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر جدوجہد کا فیصلہ کیا جسکے نتیجے میں ہماری سابقہ صوبائی حکومت نے پولیو کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے، صوبائی سطح پر ای سی او ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا اہتمام کیا گیا اور اب ہم ایک نئے ولولے اور جذبے سے اس مرض کا مقابلہ کرنے نکلے ہیں، گو کہ ہمارے دشمن نفسیاتی طور پر ہمارے سامنے رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ قوموں پر قدرتی آفات آتی ہیں لیکن بہادر قومیں ان کا مقابلہ کرتی ہیں اور پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے،وزیراعظم عمران خان قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔ صوبائی حکومت پولیو سمیت تمام مہلک بیماریوں سے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہے۔صوبے کے ہسپتالوں میں جان لیوا امراض کے علاج کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اس کے ساتھ حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کا سلسلہ بھی شروع ہے، ہم خیبر پختونخوا کو پولیو فری بنانے کے ہدف کے قریب ہیں، ہم ملکی سطح پر بھی پولیو کے مکمل خاتمے کی اس جنگ میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، وزیر اعلیٰ نے علاقہ کے عمائدین کا اس آگاہی مہم پر شکریہ ادا کیا۔ انسداد پولیومہم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے بچوں کو قطرے بھی پلائے۔ پروگرام میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر پشاور عمران حامد شیخ بھی موجود تھے