News Details
08/11/2018
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات موٹروے کے دوسرے سنگ میل کا ٹلنگ انٹرچینج سے چکدرہ تک جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور پلوں، انٹر چینجز اور ٹنل سمیت منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات موٹروے کے دوسرے سنگ میل کا ٹلنگ انٹرچینج سے چکدرہ تک جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور پلوں، انٹر چینجز اور ٹنل سمیت منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا ہے کہ چکدرہ سے مینگورہ تک سوات موٹروے کی توسیع کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔ اُنہوں نے سی پیک سٹی نوشہرہ اور سیمنٹ پلانٹ ہری پور کیلئے اراضی کا مسئلہ جلد حل کرنے جبکہ نوشہرہ میڈیکل کالج کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہاکہ حکومت جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کو ترجیح دینے کا فیصلہ کرچکی ہے جس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات موٹروے اور فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ذریعے صوبے میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، مینجنگ ڈائریکٹر سوات موٹروے ، کمانڈر ایف ڈبلیو اوبریگیڈئر اشفاق اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو ایف ڈبلیو کے ذریعے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر بریفینگ دی گئی ۔ 34.165 ارب روپے کی لاگت سے سات انٹر چینجز پر مشتمل 81 کلومیٹر طویل زیر تعمیر سوات موٹروے پر کام کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کرنل شیر خان انٹر چینج سے کاٹلنگ تک 50 کلومیٹر طویل حصہمکمل ہو چکا ہے ۔ منصوبے کے دوسرے سنگ میل کاٹلنگ انٹر چینج سے چکدرہ تک 31 کلومیٹر طویل حصے پر کام جاری ہے جس میں سے بھی 53 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ ٹنل کی کٹائی سو فیصد مکمل ہے جبکہ کنکریٹ لائننگ اور دیگر کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہاکہ سوات موٹروے اور بی آرٹی کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا حکومت کی ترجیح ہے ان منصوبوں میں تاخیر کی مزید گنجائش نہیں۔ اُنہوں نے سوات موٹروے کے لئے پولیس ، درکار گاڑیوں کی خریداری اور دیگر مطلوبہ ضروریات کیلئے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے نوشہرہ میڈیکل کالج کی تکمیل کیلئے مطلوبہ وسائل کی فراہمی کا مسئلہ حل کرنے اور سیمنٹ پلانٹ ہری پور کیلئے اراضی کے مسئلہ کا بھی قابل عمل حل نکالنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں فوری ضرورت کی حامل عوامی مفاد میں جاری سکیموں کو ترجیح دی جائے ، صوبائی حکومت اس سلسلے میں فیصلہ کرچکی ہے ۔ ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے اور وسائل کا نتیجہ خیز استعمال یقینی بنانا ہے ۔