News Details
01/11/2018
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں کی گئی اصلاحات کو سراہااور کہا ہے کہ اُن کی حکومت صوبائی محکموں اور اداروں میں اچھے اقدامات کی بھر پورحمایت اور تعاون کرے گی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں کی گئی اصلاحات کو سراہااور کہا ہے کہ اُن کی حکومت صوبائی محکموں اور اداروں میں اچھے اقدامات کی بھر پورحمایت اور تعاون کرے گی ۔ شفاف اور بہتر طرزحکمرانی کیلئے جزا اور سزاکا عمل ناگزیر ہے ۔ کرپشن کا خاتمہ اور حقدار کو حق کی فراہمی تحریک انصاف کی جدوجہد کا مرکز و محور ہے اور صوبائی حکومت شروع دن سے اسی اُصول پر کاربند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور کے چیئرمین ڈاکٹر فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نے وزیراعلیٰ کو پشاور تعلیمی بورڈ میں کئے گئے اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیااور بتایا کہ خدمات کی آٹو میشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس میں اداروں کے بورڈ کے ساتھ الحاق کا آن لائن ماڈیول ، آن لائن ان رول منٹ سسٹم ، آن لائن رجسٹریشن ، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سٹوڈنٹ کیلئے آن لائن داخلے ، ری ٹوٹلنگ کا آن لائن سسٹم ، آئن لائن مائیگریشن سرٹیفکیٹ ، مارکنگ ہالوں تک بائیومیٹرک کنٹرول سسٹم کی رسائی ، اصل اسناد کی کمپیوٹرائزیشن اور پبلک سروسز کی فراہمی کیلئے ون ونڈ آپریشن شامل ہیں۔ علاوہ ازیں صاف اور شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ کنفلکٹ آف انٹرسٹ سے بچنے کیلئے ملازمین کو امتحانی مراکز کے دوروں سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ امتحانی ہالوں کی درجہ بندی کی گئی ہے جس میں نارمل ، حساس اور انتہائی حساس شامل ہیں ۔ امتحانی ہالوں کی موثر نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے ۔ خریداری کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے پروکیورمنٹ سیل قائم کیا گیا ہے ۔ سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سہولیات کی عوام تک توسیع ، موجودہ سہولیات کی بہتری اور دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے بورڈ آف گورنر نے 402.70 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے ۔ خواتین اوبزرگ شہریوں کیلئے علیحدہ کاونٹر بنائے گئے ہیں ۔ عوام الناس کیلئے آرام دہ انتظار گاہ تیار کی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ اصلاحاتی اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اچھے کاموں کی سپورٹ کرتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اداروں کی فعالیت اور شفاف طریقے سے خدمات کی فراہمی کیلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بنیادی مقصد شہریوں کو مناسب طریقے سے خدمات کی فراہمی ہے ۔ اس سلسلے میں چیئرمین پشاور بورڈ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔