News Details
31/10/2018
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات پریس کلب مینگورہ اور صحافیوں کے جائز مطالبات پورے کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہاہے کہ اُن کی حکومت نہ صرف سوات بلکہ پورے صوبے کی صحافی برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات پریس کلب مینگورہ اور صحافیوں کے جائز مطالبات پورے کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہاہے کہ اُن کی حکومت نہ صرف سوات بلکہ پورے صوبے کی صحافی برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاو رمیں چیئرمین شہزادہ عالم کی سربراہی میں سوات پریس کلب مینگورہ کے کثیر رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ قیصر عالم ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ فردوس خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سوات سے وزیراعلیٰ کا منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے اُنہوں نے مقامی اخبارات کو اشتہارات کی فراہمی، پریس کلب کو سالانہ گرانٹ کی فراہمی ، شہداء صحافیوں کے لئے معاوضے سمیت دیگر مطالبات اور مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ قانون اور پالیسی کے مطابق سوات کے صحافیوں کو اُن کا حق دیں گے اور جائز مطالبات پورے کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ نہ صرف سوات بلکہ پورے صوبے کے صحافیوں کا اُنہیں خیال ہے ۔ سوات میں میڈیا کالونی پر کام شروع ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ عوام کی بہت زیادہ توقعات ہیں اُن کی حکومت چیلنجز کے باوجود عوامی توقعات پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کرے گی ۔ صوبے کی مالی بنیاد کو مستحکم بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ سوات موٹروے کی توسیع کا پروگرام بھی موجود ہے ۔ آئندہ ترقیاتی پروگرام میں ہر ڈویژن کو ایک بڑا منصوبہ دیں گے ۔ اس سلسلے میں سوات موٹروے کو توسیع دی جائے گی ۔ اُنہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سوات کو ختم کرنے کے حوالے سے افواہیں بے بنیاد ہیں۔ یہ ہسپتال بھی اپنی جگہ موجود ہے اور دیگر ہسپتالوں کو درپیش مسائلبھی حل کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے اخبارات کے بقایا جات بھی بروقت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔