News Details

29/10/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ وہ پشاور میں تاجر برادری کے جائز مسائل حل کرینگے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ وہ پشاور میں تاجر برادری کے جائز مسائل حل کرینگے ۔ زیرتعمیر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ ایک بہترین منصوبہ ہے، جس سے پشاور کے عوام اور تاجر برادری مستفید ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں چیئر مین حاجی عبدالنصیر کی سربراہی میں پشاور کینٹ سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد نے محمود خان کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی کے وژن اور مشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں وفد نے مالی وسائل پیدا کرنے اور معیشت کے استحکام میں تعاون کرنے کا بھی یقین دلایا ۔ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری کی طرف سے تعاون کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ ان کی حکومت تاجر برادری کو درپیش جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے ہیں۔ پشاور میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا اور تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا زیرتعمیر پشاور بس ریپڈ منصوبہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے نا صرف شہریوں کو بہترین سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ تاجر برادری بھی اس منصوبے سے یکساں مستفید ہوگی۔