News Details

26/10/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر1947 انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے

اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا پیغام27 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر1947 انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے جس دن بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی گئی۔ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور انکے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔27 اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت نے تمام انسانی حقوق روندھتے ہوئے کشمیر کے علاقے میں زبردستی اپنی فوج داخل کی اور وہاں کے عوام کو اپنے حق خود ارادیت سے محروم کردیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج 71 سال گزرنے کے باوجود کشمیر ی عوام جس طرح بھارتی سرکارکے ظلم و ستم کا شکار ہیں،وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ بوڑھے، جوان، خواتین اور یہاں تک کہ معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے اور وہ بھی صرف اس لئے کہ وہ اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں و ہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ ان کی جدوجہدضرور کامیاب ہو گی اوروہ امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اصولی موقف کی تائید کرتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے آس لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ان کی قسمت کا فیصلہ حق اور اُصولوں کی بنیاد پر کریں اور بھارت کے ظلم و ستم سے انہیں نجات دلائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت کا دوہرا معیار سب کے سامنے ہے کہ کس طرح وہ طاقت کے نشے میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بن کر بیٹھا ہوا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کا حل مذاکرات سے نکالا جائے کیونکہ زور زبردستی سے مسئلے حل نہیں ہوتے۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے قیام کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے کشمیری عوام پر ظلم کے خاتمے اور انہیں آزادی سے جینے کا حق دلانے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔