News Details

14/10/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک ایسی مقامی حکومت کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے جس میں مقامی سطح پر ترقی اور صفائی سمیت دیگر مقامی مسائل کا حل یقینی ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک ایسی مقامی حکومت کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے جس میں مقامی سطح پر ترقی اور صفائی سمیت دیگر مقامی مسائل کا حل یقینی ہوگا۔ لوگ دربدر کی ٹھوکریں نہیں کھائیں گے اور مقامی سطح پر ترقیاتی سرگرمیوں سمیت تمام مسائل کا حل موجود ہو گا۔ وزیراعظم پاکستان کے وژن صاف اور سرسبز پاکستان کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے سب نے کردار ادا کرنا ہے ۔ ہمارے پاس خیبرپختونخوا کی پچھلی حکومت کے دوران ایک ارب درخت لگانے کا تجربہ اور طریق کار موجود ہے جو سرسبز پاکستان کیلئے معاون ثابت ہو گا۔ صوبائی حکومت نے 100 روزہ پلان کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں مزید ایک ارب درخت لگانے کی حکمت عملی بنالی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور میں صاف و سرسبز پاکستان کی ملک گیر مہم کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے حاجی شوکت علی، سینیٹر حاجی فدا محمد، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش، ایم پی اے وصوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی ، قائمقام ضلع ناظم قاسم شاہ ، ٹاؤن ناظمین و دیگر انتظامی حکام ، پی ڈی اے ، واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن سروسز اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج صاف و سرسبز پاکستان ملک گیر مہم کے تحت اس صوبے میں پشاور سے آغاز کر رہے ہیں۔ جسے چاروں ٹاؤن اور ملحقہ دیہات تک توسیع دی جائے گی ۔ ہم پشاور کو پھولوں کا شہر بنائیں گے ۔ پشاور صوبے کا دارلحکومت ہے پشاور خوبصورت نہیں ہو گا تو خیبرپختونخوا خو بصورت نہیں ہو گا۔ ہم اس مہم کو نچلی سطح تک لیکر جائیں یہ ہمارا صوبہ ہے جس کو صاف ستھرا او رسرسبز بنانا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی سابق حکومت صوبے میں ایک ارب پودے لگانے کا کامیاب تجربہ کرچکی ہے ۔ ہمارے پاس ایک سسٹم موجود ہے جو سرسبز پاکستان مہم میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ صوبے میں مزید ایک ارب پودے لگانے کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بار لوکل گورنمنٹ ایکٹ بہترین ہو گا۔ تمام فنڈز بلدیاتی حکومتوں کے ذریعے مقامی سطح پر استعمال ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُنہوں نے خود بھی اپنی سیاسی زندگی کا آغاز بطور ڈسٹرکٹ کونسلر کیا تھا۔ بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ، ملی جذبے کے ساتھ کام کریں۔ خود بھی آگے جائیں گے اور ملک بھی آگے بڑھے گا۔ مل جل کر کام کریں اور اپنے سٹاف کو مکمل طورپر فعال بنائیں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صاف اور سرسبز پاکستان مہم کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے ۔ یہ جاری رہے گی ۔ اس صوبے کو سب نے مل کر صاف اور سرسبز بنانا ہے ۔ بی آر ٹی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ 100 روز مکمل ہونے پر میڈیا کو بلا کر اپنا پلان شیئر کریں گے کہ ہم نے آئندہ پانچ سالوں کیلئے کیا منصوبہ بندی کی ہے ۔ کرپشن کے حوالے سے سوال پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت کرپشن کے خلاف ہے جو شخص بھی کرپشن میں ملوث پایا گیا اسے سزا ضرور ملے گی ۔ اُنہوں نے مزید ایک سوال پر کہاکہ وہ صوبے میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔