News Details

10/10/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مرکزی حکومت کے سول سروسز میں اصلاحات کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی طرف سے درکار تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے،

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مرکزی حکومت کے سول سروسز میں اصلاحات کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی طرف سے درکار تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری پچھلی صوبائی حکومت نے اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں، جن محکموں کا سروس سٹرکچر نہیں تھا انکو سروس سٹرکچر دیا ہے، سرکاری مشینری کو صحیح طور پر فعال بنانا اور اداروں کو خدمات کی فراہمی کیلئے مناسب ماحول دینا بنیادی مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیر اعظم کے مشیر برائے سول سروسز اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش اور سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ارشد مجید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں سول سروسز میں اصلاحات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، عشرت حسین نے سول سروسز اصلاحات کے معاملہ میں صوبوں کو ساتھ لیکر چلنے کے حکومتی مؤقف سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ سول سروسز اصلاحات لانا چاہتے ہیں، بیوروکریسی کو سیاست سے آزاد کرنا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، وزیر اعلیٰ نے سول سروسز میں اصلاحات کیلئے وفاقی حکومت کی کاوش کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کرے گی، انہوں نے کہا کہ مختلف کیڈرز کے تحفظات کو دور کرکے مشاورت کے ساتھ اصلاحات کا عمل دیرپا اور نتیجہ خیز ثابت ہو گا، ہماری سابق صوبائی حکومت نے بھی ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں بھر پور کردار ادا کریں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا گیا ہے، صوبے میں تبادلوں تعیناتیوں کی سیاست کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے اداروں کو با اختیار بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ گورننس سسٹم کی بہتری کیلئے اداروں میں چیک اینڈ بیلنس کا ہونا بھی ناگزیر ہے تاکہ اداروں کے پس پردہ مقاصد کا حصول ممکن ہو سکے۔ رہنماؤں نے ملک کی معاشی صورتحال، روزگار اور خیبر پختونخوامیں سیاحت کی استعداد پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس صوبے میں سیاحت انڈسٹری کی کافی پوٹینشل موجود ہے، صوبائی حکومت کے اقدامات اور پالیسیوں کی بدولت حالات بدل چکے ہیں شدت پسندی سے متاثرہ علاقوں میں بھی ماحول بہتر ہو گیا ہے، سیاحت ترقی کر رہی ہے، لوگوں کو روزگار مل رہا ہے، سوات، ملاکنڈ اور ہزارہ کے سیاحتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کی ضرورت ہے اگر وفاقی حکومت صوبے کے وسائل بر وقت فراہم کرے تو نہ صرف صوبے کے حالات بہتر ہو سکتے ہیں بلکہ ہم ملکی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت اپنے وسائل پیدا کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے ہمارے پاس وسیع پیمانے پر سرکاری اراضی موجود ہے جسکو استعمال میں لانے کا طریقہ کار وضع کرنا ہو گا محمود خان نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بہت کام کیا ہے ۔