News Details

07/10/2018

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ریگی ماڈل ٹاؤن میں گیس سپلائی سمیت دیگر کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ریگی ماڈل ٹاؤن میں گیس سپلائی سمیت دیگر کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا ہے کہ وہ ٹاؤن کا جلد افتتاح کریں گے ۔ اُنہوں نے سوات ٹرانسمیشن لائن بھی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ گھر یلو استعمال کیلئے گیس کی فراہمی سے نہ صرف عوام کو سہولت ہو گی بلکہ ایندھن کیلئے جنگلات کی کٹائی کا سلسلہ بھی رک جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُ نہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن کمپنی کے جنرل منیجرارباب ثاقب سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ جنرل منیجر نے وزیراعلیٰ کو کمپنی کی سرگرمیوں اور گیس سپلائی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ سوات ٹرانسمیشن لائن تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ ریگی ماڈل ٹاؤن میں بھی صرف آپریشنل کام باقی ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے دونوں سکیموں کو تیز ی سے حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مٹہ جیسے علاقے کو پہلی دفعہ گیس جارہی ہے جو خوش آئند ہے اس سے جنگلات کی بچت ہو جائے گی۔ سوات ٹرانسمیشن لائن مکمل ہونے سے کم پریشر کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔اربا ب ثاقب نے انکشاف کیا کہ کرک میں گیس کے ایک نئے کنویں کی نشاندہی کی گئی ہے جس سے 50 سے 60 کروڑ روپے آمدنی متوقع ہے اسی طرح آئل اینڈ گیس کمپنی کو بھی ایک نئے بلاک کا سراغ ملا ہے جس کی ایکسپلوریشن سے خاطر خواہ ، آمدنی مل سکتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گیس چوری کے مسئلے سمیت کمپنی کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔