News Details
22/09/2018
عاشورہ محرم کے موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا پیغام
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک معرکہ تھا جس میں نواسہ رسول ؐ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی، حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ عاشورہ محرم کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے جس میں پوری انسانیت کیلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور اپنے پیروکاروں کو انسانیت سے محبت اور اخوت و یگانگت کے ماحول میں رہنے کا درس دیتا ہے امام عالی مقام نے ظالم و جابر حکمران یزید اور اسکی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ اسی پیغام انسانیت و جدوجہد کو روز آخرت تک زندہ رکھنے کیلئے سیدنا امام حسینؓ نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں ۔ وقت آچکا ہے کہ ہم آپس میں الجھنے کی بجائے ہماری الجھنوں کا سبب بننے والے عوامل کا قلع قمع کریں۔قوم دوست اورقوم دشمن عناصر میں فرق کریں۔غلبہ اسلام اور استحکام پاکستان کے لیے ہمیں ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم ،نا انصافی اورکرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔ بدقسمتی سے ہماری قومی بے حسی کا ہمارے سابقہ حکمران اور ملک دشمن عناصرغلط فائدہ اٹھاتے رہے محمود خان نے اہل وطن سے اپیل کی کہ امن ہماری قومی اور بین الاقوامی ضرورت ہے لہٰذا اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے جو بحیثیت مسلمان ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو نت نئے سیاسی و معاشی چیلنجوں کے علاوہ بے شمار سنگین مسائل کا سامنا ہے جن سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ہمیں پرامن سیاسی و معاشی تبدیلی کیلئے کمربستہ ہونے اور جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔